وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام کئی دہائیوں سے جبری بے دخلی اور تشدد کے کٹھن حالات کا سامنا کر رہے ہیں۔
فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر جاری کردہ اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے واضح کیا کہ حکومتِ پاکستان اور پوری قوم اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔
وزیرِ اعظم نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قوانین کے تقاضوں کے عین مطابق فلسطینیوں کے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے مسئلہ فلسطین پر ہمیشہ ایک اصولی اور دوٹوک مؤقف اپنایا ہے اور ان کی حمایت میں صفِ اول کا کردار ادا کیا ہے، اسی سلسلے میں پاکستان نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قرارداد کی بھی تائید کی جس سے فلسطینی ریاستی تشخص کے قیام کے لیے سیاسی عمل کی راہ ہموار ہوئی۔
شہباز شریف نے اس امر پر زور دیا کہ متاثرہ علاقوں میں انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی کے لیے جنگ بندی پر مکمل عمل درآمد ناگزیر ہے۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان خطے کے جغرافیائی اور آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کی کسی بھی کوشش کو یکسر مسترد کرتا ہے اور مسجدِ اقصیٰ کے تقدس کی مسلسل اسرائیلی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔ وزیرِ اعظم نے مطالبہ کیا کہ 1967ء سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام عمل میں لایا جائے۔