پنجاب کے ضلع نوشہرہ ورکاں میں تاریخی گوردوارہ سری کھارا صاحب (بھائی کے مٹو) کی بحالی کا کام مکمل ہونے کے بعد اسے 80 سال بعد سکھ برادری کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا۔ افتتاحی تقریب سری گرو نانک دیو جی کے 557ویں پرکاش پرب کے موقع پر منعقد ہوئی۔
گوردوارے کا افتتاح صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور و پردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ اور جتھے دار اکال تخت صاحب گیانی کلدیپ سنگھ گڑگج نے مشترکہ طور پر کیا۔ تقریب میں پاکستان، بھارت، ملائیشیا سمیت مختلف ممالک سے آنے والے سکھ یاتریوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر مذہبی رسومات، ارداس، گربانی کیرتن اور لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا۔
گوردوارہ سری کھارا صاحب کو سکھ مذہب کے چھٹے گرو، سری گرو ہرگوبند صاحب جی کی اس مقام پر آمد کے حوالے سے تاریخی اور مذہبی اہمیت حاصل ہے۔
سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ گوردوارے کی بحالی کے دوران اس کے اصل طرز تعمیر اور مذہبی تشخص کو مکمل طور پر برقرار رکھا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے کے 50 تاریخی گوردواروں کی بحالی کا منصوبہ بھی جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سکھ برادری سمیت تمام اقلیتوں کے مذہبی حقوق کے تحفظ، مذہبی آزادی اور مقدس مقامات کی بحالی کے لیے پُرعزم ہے۔
اس موقع پر جتھے دار اکال تخت صاحب گیانی کلدیپ سنگھ گڑگج نے گوردوارہ سری کھارا صاحب کی 80 سال بعد بحالی اور دوبارہ کھولے جانے کو سکھ برادری کے مذہبی جذبات کے احترام کا عملی مظہر قرار دیا۔ انہوں نے پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور بین المذاہب بھائی چارے کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو بھی سراہا۔