وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری سے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) کے ریجنل نائب صدر عماد فاخوری کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی، جس میں توانائی کے شعبے میں جاری اصلاحات، نجکاری کے عمل اور نجی سرمایہ کاری کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں ٹیرف فنانسنگ کے ذریعے بجلی کی قیمتوں میں استحکام اور بتدریج کمی لانے کے اقدامات، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری، ایڈوانسڈ میٹرنگ انفراسٹرکچر اور نیشنل گرڈ کی استعداد کار بڑھانے کے منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر اویس لغاری نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں تمام اصلاحات کا بنیادی مقصد صارفین کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ بجلی کے نرخوں میں اضافے کو روکنے اور بتدریج کمی لانے کے لیے ٹیرف فنانسنگ سمیت جدید مالیاتی ذرائع کا استعمال ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے فروغ اور ترقیاتی منصوبوں میں مالیاتی نظم و ضبط یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ کمرشل فنانسنگ کے فروغ اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے عالمی مالیاتی اداروں کی تکنیکی معاونت کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
آئی ایف سی کے ریجنل نائب صدر عماد فاخوری نے کہا کہ ورلڈ بینک گروپ اور آئی ایف سی پاکستان کے پاور سیکٹر میں مالیاتی استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے اپنا بھرپور تعاون جاری رکھیں گے۔
ملاقات میں توانائی کے شعبے میں اصلاحاتی اقدامات اور جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے پاکستان اور آئی ایف سی کے درمیان باہمی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔