لاہور اور صوبے کے بڑے شہروں میں ایل ای ڈی سٹیمرز لگانے کی منظوری

image
وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس، لاہور سمیت پنجاب کے بڑے شہروں کو خوبصورت بنانے کیلئے اقدامات کا جائزہ شہروں کو ہارٹیکلچر سے خوبصورت بنانے کیلئے انفرادیت اور جدت کے ساتھ کام کرنا ہوگا:شہبازشریف

لاہور22 جنوری : وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے لاہور اور دیگر بڑے شہروں میں ایل ای ڈی سٹیمرز لگانے کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس اقدام کی منظوری آج یہاں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی جس میں لاہور سمیت پنجاب کے بڑے شہروں کو خوبصورت بنانے کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پولز پر پرانے سٹیمرز کی جگہ ایل ای ڈی سٹیمرز لگانے کیلئے فوری طور پر اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہروں کو خوبصورت بنانے کیلئے متعلقہ اداروں کو انفرادیت اور جدت کے ساتھ کام کرنا ہوگا اور اس مقصد کیلئے روایتی ڈگر کو چھوڑ کر منفرد اور نئے انداز سے شہروں کو خوب سے خوب تر بنانا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاہور کے ساتھ دیگر بڑے شہروں میں بھی مرحلہ وار پروگرام کے تحت ایل ای ڈی سٹیمرز لگائے جائیں گے جس سے شہروں کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا۔ انہو ں نے کہا کہ شہروں کو ہارٹیکلچر سے بھی خوبصورت بنایا جائے اور ہارٹیکلچر کے فروغ کیلئے جدت کے ساتھ آگے بڑھا جائے۔ مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ احمد حسان، لارڈ میئر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی جی پی ایچ اے، ڈی جی ایل ڈی اے، ڈپٹی کمشنر لاہور اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
 


About the Author:

تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts