وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے ترکی کے وزیر اعظم کے مشیر کامل کولپاس(Mr. Kamil Kolabas)نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور ، ہیلتھ کیئر،سکل ڈویلپمنٹ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے بات چیت ہوئی- وزیر اعلی شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اورترکی نے مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے -
ترک صدر رجب طیب اردوان کی قیادت میں ترکی نے چند برس کے دوران بے مثال ترقی کی
ہے - ترک عوام اپنے محبوب قائد رجب طیب اردوان سے والہانہ محبت کرتے ہیں - انہوں نے
کہا کہ ترکی کی متعدد کمپنیاں پاکستان خصوصاً پنجاب میں مختلف شعبوں میں سرمایہ
کاری کررہی ہیں ،اسی طرح ترکش کوآپریشن اینڈ کوارڈینیشن ایجنسی (TIKA)کی جانب سے
پنجاب حکومت کیساتھ ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری اور سکل ڈویلپمنٹ کے شعبے میں تعاون
لائق تحسین ہے - وزیراعلیٰ نے کہا کہ رجب طیب اردوان گورنمنٹ آف پنجاب ہسپتال
مظفرگڑھ کی توسیع کے منصوبے پرکام کا آغاز کردیا گیاہے اورتوسیع کے بعد ہسپتال میں
بستروں کی تعداد 250تک ہوجائے گی جبکہ بعد میں مزید بستروں کااضافہ کرکے ہسپتال
کو500بیڈزتک بڑھایا جائے گااوراسے ٹیچنگ ہسپتال بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال
میں مریضوں کوعلاج معالجے کی جدید سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں اوریہ ہسپتال علاج
معالجے، احساس ذ مہ داری، درد دل رکھنے، دکھی انسانیت کی خدمت اور مینجمنٹ کے حوالے
سے پاکستان بھر کے ہسپتالوں میں سے بہترین ہسپتال ہے جہاں جنوبی پنجاب کے علاوہ
بلوچستان اورسندھ سے بھی لوگ یہاں علاج معالجے کیلئے آتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ترک وفد
سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ انہیں رجب طیب اردوان ہسپتال مظفرگڑھ کا نام بدلنے کے
حوالے سے بعض ساتھیوں نے مشورہ دیا جن کا کہنا تھا کہ اگر چہ ہسپتال کیلئے ترکی کی
جانب سے ابتدائی طورپر تعاون کیا گیا ہے لیکن اس ہسپتال کو 100 بستروں سے 500
بستروں تک بڑھانے کیلئے وسائل پنجاب حکومت دے رہی ہے اور یہ سب آپ کی ذاتی دلچسپی
کی وجہ سے ہو رہا ہے اور پنجاب حکومت اس پر 9 ارب روپے سے زائد رقم خرچ کر رہی ہے
لہٰذا اس ہسپتال کا نام شہباز شریف ہونا چاہیے لیکن میں نے اپنے ساتھیوں سے کہا کہ
ہمیں اپنے مربی و محسن کو نہیں بھولنا چاہیے -بے شک وسائل پنجاب حکومت فراہم کر رہی
ہے لیکن پھربھی اس ہسپتال کا نام رجب طیب اردوان کے نام پر ہی رہے گا جو نہ صرف
ترکی کے عظیم لیڈر بلکہ پاکستان کے بھی عظیم دوست ہیں -
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے انہیں ہنر مند بنا
رہی ہے - ہزاروں نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر با عزت روزگار کے قابل بنایا گیا ہے-
نوجوان ہمارا روشن مستقبل ہیں اور ان پر سرمایہ کاری کیلئے ہر طرح کے وسائل حاضر
ہیں - ترکی کی جانب سے سکل ڈویلپمنٹ کے شعبہ میں تعاون سے نوجوانوں کو مزید مواقع
میسر آئیں گے - ترکی کے وزیراعظم کے مشیر کامل کولپاس نے کہا کہ پنجاب حکومت کے
ساتھ ہیلتھ کیئر سسٹم اورسکل ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں ہر طرح کاتعاون جاری رکھیں گے
-انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے صوبہ پنجاب کے عوام کی ترقی و خوشحالی
کیلئے بے مثال کام کیا ہے -مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ احمد حسان، پنجاب
سرمایہ کاری بورڈ کے شوکت ہارون، چیئرمین ٹیوٹااور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر
موجود تھے-