ٹیسلا کے نئے سائبر ٹرک کی رونمائی پر ایلون مسک کو شرمندگی کا سامنا

Getty Images
’جب کچھ بھی صحیح نہ ہو رہا ہو لیکن آپ کو اپنی پریزنٹیشن مکمل بھی کرنی ہے۔۔۔‘

زندگی کے نشیب و فراز میں چند مواقع ایسے بھی آتے ہیں جب بڑے بڑے ناموں کو بھرے مجمعے کے سامنے شرمندگی اٹھانی پڑتی ہے، لیکن ان کے پاس فرار کا کوئی راستہ نہیں ہوتا اور وہ بس مسکرا کر آگے بڑھ جاتے ہیں۔

کچھ ایسا ہی گذشتہ روزامریکی ٹیکنالوجی کمپنی ٹیسلا کے مالک ایلون مسک کے ساتھ ہوا جب ان کی کمپنی کے نئے ’سائبر ٹرک‘ کی تقریبِ رونمائی کے دوران ٹرک کے شیشوں کی پائیداری ٹیسٹ کرنے کے لیے کیے جانے والا تجربہ بری طرح ناکام ہوا۔

کمپنی کا دعوی تھا کہ ’سائبر ٹرک‘ میں استعمال ہونے والا خصوصی لوہا اور مخصوص دھاتوں سے بنے شیشے آسانی سے توڑے نہیں جاسکتے۔

لیکن جب ٹیسلا کے ہیڈ آف ڈیزائن فرینز وان ہولز ہوسن نے یہ ثابت کرنے کے غرض سے ٹرک کی کھڑکی کی جانب ایک لوہے کی بال اچھالی تو ’شیٹر پروف‘ تصور کیے جانے والے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

واقعے کی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شیشہ ٹوٹنے کے فوراً بعد ایلون مسک غصے میں چند کلمات ادا کرتے ہیں اور پھر ہنستے ہوئے کہتے ہیں: ’ابھی بہتری کی گنجائش ہے۔۔۔ کم از کم یہ شیشے کے آر پار نہیں گئی۔‘

یہ لطیفہ سوشل میڈیا صارفین کی نظروں سے اوجھل نہ رہا اور جلد ہی ٹوئٹر پر میمز کی بوچھاڑ ہو گئی۔