80 کلو گرام اور وہ بھی ایک 7 سال کی بچی اٹھائے، کیا ایسا ممکن ہے؟ یہ ایک ایسی بات ہے کہ انسانی عقل دنگ رہ جائے۔ مگر یہ کارنامہ کینیڈا سے تعلق رکھنے والی ایک بچی نے کر دکھایا۔
ویٹ لفٹنگ کے جنون میں گرفتار 7 سالہ روری وین (Rory van) نے اس وقت ویٹ لفٹنگ شروع کی جب وہ صرف 5 برس کی تھیں۔ روری وین کے والد نے اس کے شوق کی خاطر ویٹ لفٹنگ کی ٹریننگ کروانا شروع کردی۔
تاہم اب ننھی روری محض 7 سال کی عمر میں اتنا وزن اٹھانے کے قابل ہوگئی ہے جو عام طور پر ایک نوجوان مشکل سے اٹھا سکے۔
روری وین کا قد 4 فٹ ہے، جبکہ یہ 61 کلو گرام کے ساتھ اسکواٹ، 42 کلوگرام کے ساتھ جرک اور 32 کلوگرام کے ساتھ سنیچ پوزیشن کی ایکسر سائز بھی کرتی ہے۔
گزشتہ ہفتے 11 اور 13 سال سے کم عمر امریکی ویٹ لفٹر کی 30 کلو گرام کی کیٹیگری میں روری وین کو چیمپئن کا تاج پہنایا گیا۔ روری کو امریکہ کی تاریخ میں کم عمر ترین یوتھ نیشنل چیمپئن بننے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ 11 سال سے کم عمر کی کیٹیگری میں وہ بہترین 'پونڈ فار پونڈ' لفٹر ہیں۔
ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے روری نے بتایا کہ ''مجھے اچھا لگتا ہے کہ میں خود کو مزید مضبوط کروں تاکہ جو کچھ میں کر رہی ہوں اس میں خود کو اور بھی بہتر کرسکوں جب کہ میں اس چیز کی پرواہ نہیں کرتی کہ آگے کیا ہونے والا ہے یا میرے کسی بھی عمل سے آگے کیا ہوگا، میں صرف اپنا شوق پورا کرتی ہوں''۔
تاہم روری کے والد کا کہنا تھا کہ ''میری بیٹی صرف دنیا کی مضبوط ترین لڑکی نہیں بلکہ اس عمر میں اتنا مضبوط لڑکا یا لڑکی آج تک پیدا ہی نہیں ہوا''۔