حج و عمرہ کی سعادت اس سال کئی مسلمانوں کو نصیب ہونے جا رہی ہے۔
سعودی عرب کی حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ31 مارچ سے ملک کے تمام
ائیرپورٹس کھول دیے جائیں گے، جس کے بعد زائرین عمرہ اور حج کی سعادت حاصل کر سکیں گے جبکہ فلائٹس کے حوالے سے سعودی ایوی ایشن اتھارٹی نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
ان ملکوں کے افراد کو آنے کی اجازت ہو گی جہاں زیادہ کورونا کے مریض موجود نہیں ہیں، جن ممالک میں کورونا کا پھیلاؤ زیادہ ہوگا ان کے شہریوں کے کیس کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔
سعودی ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق ان ملکوں کے مسافروں کے لئےکورونا ایس اوپیز پر عمل کرنا لازمی ہوگا، سعودی حکومت کی قائم کمیٹیاں ان ممالک کے مسافروں کے کیسز کی جانچ کے بعد فیصلہ کرنے کی پابند ہوں گی۔
سعودی حکومت کے اس فیصلے کے بعد پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کے لئےحج و عمرہ کے امکانات روشن ہوگئے ہیں جبکہ لوگوں میں خوشی کی لہر بھی دوڑ گئی۔