عمران خان اور مہنگائی کو اکھٹے اٹھا کر باہر پھینکیں گے، گرفتاری دینے کیلئے شیر کا جگر چاہیے، مریم نواز

image

راولپنڈی: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے مہنگائی کا دوسرا نام عمران خان قرار دیتے ہوئے کہا ہے عمران خان اور مہنگائی خان کو اکھٹے اٹھا کر باہر پھینکیں گے، گرفتاری دینے کے لیے شیر کا جگر چاہیے۔

انہوں نے تنظیمی کنونشن شے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کہ نواز شریف خدمت میں مصروف رہا اور وہ گھڑیاں چوری کرنے میں مصروف رہا، عمران خان نے آئی ایم ایف معاہدے کی صورت میں بارودی سرنگیں بچھائیں، القادر یونیورسٹی میں عمران خان نے قوم کو 50 کروڑ کا ٹیکہ لگایا، رنگ روڈ منصوبے میں بھی کرپشن کی۔

مریم نواز نے کہا کہ  نواز شریف کی پنڈی سے محبت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، نوازشریف نے اقتدار میں آکر موٹر وے کا افتتاح راولپنڈی سے کیا، کھیلوں کے میدان نوازشریف کے دور میں آباد ہوئے، پنڈی کا ہر منصوبہ نواز شریف اور شہباز شریف کی محبت کی گواہی دے رہا ہے لیکن ایک ایساحکمران بھی رہا جو چار سال چھپ کر بنی گالہ میں رہا۔

انہوں نے سخت تنقید کرتے ہوئے کہا 24 ہزار ارب کا قرضہ لے کر راولپنڈی میں ایک بھی منصوبہ نہیں لگایا،  جب جب نواز شریف کو ملک ملا تیزی سے نیچے جاتا ہوا پاکستان ملا، مشکلات پیدا کر کے کوئی اور جاتا ہے اور اس کو ٹھیک کر کے نواز شریف جاتا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ جب نواز شریف ٹھیک کر دیتا ہے تو اس کو کہتے ہیں چلو بھائی! چھٹی کرو، اس ملک سے نکل جاؤ، نواز شریف اس ملک کا بیٹا ہے اور ادھر ہی واپس آئے گا لیکن پہلے یہ بتاؤ بار بار ملک چھوڑ کر نواز شریف کو جانا کیوں پڑتا ہے؟ ہمارے لوگ کہتے ہیں ہمارا مقابلہ عمران خان سے نہیں مہنگائی سے ہے، مہنگائی خان کا دوسرا نام عمران خان ہے، عمران خان اور مہنگائی کو اکھٹے اٹھا کر باہر پھینکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں ن لیگ کے پاس نوجوان نہیں ہیں لیکن اس الیکشن میں پتا چلے گا کہ ن لیگ کے پاس نوجوانوں کی سب سے بڑی فوج ہے، نوازشریف کے دور میں روٹی 5 روپے اور آٹا 35 روپے فی کلو تھا، آئی ایم ایف سے شہباز شریف اور اسحاق ڈار مذاکرات کر رہے تھے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ کیا آئی ایم ایف کے آگے عمران خان کو نہیں بٹھاناچاہیے؟ عمران خان آئی ایم ایف معاہد ے کی شکل میں بارودی سرنگیں بچھا کر گیا، شہبا ز شریف دن رات ایک کر کے وہ بارودی سرنگیں چن رہا ہے۔

ن لیگ کی چیف آرگنائزر نے کہا کہ اس وقت ملک بحرانوں میں ہے، معیشت صرف بنی گالہ اور زمان پارک کی ٹھیک ہوئی ملک کی بیڑہ غرق ہوگئی، معیشت کو ٹھیک ہوتے ہوتے چند سال لگیں گے، مسلم لیگ ن کے علاوہ کوئی اور معیشت ٹھیک نہیں کر سکتا، ایک ایک فائل پر دستخط کے عوض 5،5 قیراط کی انگوٹھیاں مانگی گئیں، یہ ملک کو لوٹنے پر لگے تھے تو اسی وجہ سے آج ملک کا یہ حال ہے، نواز شریف کو اس قوم کا درد ہے، ان کی کارکردگی صفر تھی۔

مریم نواز نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے 10 سال اور شہباز شریف کے 10 سال کا موازنہ کریں، آج بتانے کیلئے ان کے پاس ایک منصوبہ نہیں ہے، آج قیمتیں غلط بتا رہے ہیں۔

انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا پہلے اسٹیبلشمنٹ کے کاندھوں پر چڑھ کے آگیا، اب اسٹیبلشمنٹ کے کاندھے نہیں رہے توعدلیہ کے کاندھوں پر چڑھ کے آنے کی تیاری کر رہا ہے، کل یاسمین راشد ڈوگر کو آڈیو میں کہہ رہی تھی فکر نہ کرو سپریم کورٹ میں ہمارے بندے بیٹھے ہوئے ہیں، ہمیں بھی پتہ ہے سپریم کورٹ میں تمہارے بندے بیٹھے ہوئے ہیں، عدالت بار بار بلا رہی ہے مگر یہ کہتا ہےکہ ٹانگ خراب ہے، وہ کون سا پلاسٹر ہے جو5 مہینے سے اترنے کا نام نہیں لے رہا ہے؟ عدالت تمہیں بلا بلا کر تھک گئی لیکن تم پیش نہیں ہوئے۔

ن لیگ کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کو آج بھی سہولتیں مل رہی ہیں، کیا ایسی سہولتیں نواز شریف کو ملی تھیں؟ نوازشریف کا مذاق اڑانے والا آج خود مذاق بنا ہوا ہے، نوازشریف نے 200 پیشیاں بھگتیں، آڈیوز تمہاری لیک ہو رہی ہیں اور ججز کے خلاف مہم مسلم لیگ ن چلا رہی ہے؟ سہولت کاری تمہاری ہو رہی ہے اور مہم مسلم لیگ (ن) چلا رہی ہے، شرم کرو۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو کہتا ہے کہ جیل بھرو اور خود فون کرکے پوچھتا ہےکہ رات خیریت سے گزرے گی، باہر جھانگ کے دیکھتے ہیں ہے کہ خواتین اور بچے کھڑ ے ہیں نا مجھے گرفتاری سے بچانے کیلئے، کیا بزدل آدمی پاکستان کا لیڈر ہو سکتا ہے، گرفتاری دینے کیلئے شیر کا جگر چاہیے، بزدل خان او ر پوری جماعت مل کر بھی ن لیگ کی ایک خاتون رہنما کا مقابلہ نہیں کر سکتیں، مجھے میری 14 سال کی بیٹی کے سامنے گرفتار کیا گیا، میں نے اپنی بیٹی کو کہا گھبرانا نہیں مجھے میرے باپ کے سامنے گرفتا ر کیا تو میں نے باپ کو کہا کہ آپ نے گھبرانا نہیں ہے۔

عمران خان کا 22 فروری سے جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان

ن لیگ کے تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے وفاقی وزیر داخلہ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا جس دن رانا ثنااللہ نے تمہیں گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا تمہیں بچانے والا کوئی نہیں ہوگا، لوگوں کو چور چور کہنے والا پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا چور نکلا، یہ شخص بنی گالہ سے بھاگ کر زمان پارک کے بنکر میں چھپا بیٹھا ہے، ن لیگ پاکستان کو ترقی کے راستے پر لائے گی۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.