راجن پور: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 193 میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ کا وقت ختم ہو گیا جس کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مروجہ طریقہ کار کے تحت راجن پور میں منعقد ہونے والے ضمنی الیکشن میں وقت ختم ہو جانے کے بعد بھی پولنگ اسٹیشنز کی حدود میں موجود ووٹرز کو حق رائے دہی استعمال کرنے کی اجازت ہو گی۔
حلقہ این اے 193 میں ضمنی انتخاب کیلئے صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک جاری رہا جس کے دوران 3 لاکھ 79 ہزار 204 ووٹرز کو حق رائے دہی استعمال کرنے کا حق تھا۔
ضمنی الیکشن میں 11 امیدواران میدان میں ہیں لیکن اصل مقابلہ ن لیگ اور پی ٹی آئی کے درمیان قرار دیا گیا ہے، پی ٹی آئی کی جانب سے محسن لغاری اور ن لیگ کی جانب سے عمار لغاری کے درمیان مقابلہ ہے جب کہ پیپلزپارٹی کے اختر حسن گورچانی بھی امیدوار ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے حلقے میں ووٹنگ کیلئے 237 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 68 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔
کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے 2 ہزار 650 پولیس اہلکار تعینات تھے جب کہ رینجرز اور آرمی کے جوانوں کا بھی حلقے میں گشت رہا ہے۔
پنجاب، کے پی انتخابات از خود نوٹس: پی ڈی ایم کا جسٹس اعجاز اور جسٹس مظاہر پر اعتراض
واضح رہے کہ راجن پور کے حلقہ این اے 193 کی نشست پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی سردار جعفر لغاری کے انتقال پر خالی ہوئی تھی، پنجاب حکومت نے این اے 193 کا ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کی درخواست بھی کی تھی۔