پاکستان کی 75 ویں سالگرہ پر 75 روپے کے نوٹ کے اجراء کے ایک سال بعد حکومت نے 75 روپے کا ایک اور نوٹ جاری کردیا۔
پاکستان کی 75 سالہ جوبلی پر جاری کیا جانے والا 75 روپے کا نوٹ مارکیٹ میں کوئی دکاندار لینے کو تیار نہیں ہے اس کے باوجود اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے قیام کو 75 سال مکمل ہونے پر حکومت نے 75 روپے کا ایک اور یادگاری نوٹ جاری کردیا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق یہ نیا نوٹ اسٹیٹ بینک کے تمام دفاتر اور کمرشل بینکوں میں دستیاب ہے اور یہ نوٹ ہر قسم کے لین دین کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
اس سے قبل پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر بھی اسٹیٹ بینک نے 75 روپے مالیت کا یادگاری نوٹ جاری کیا تھا تاہم اس بار جو کرنسی نوٹ جاری کیا گیا ہے اس کا ڈیزائن پہلے جاری کیے گئے نوٹ سے مختلف ہے لیکن دونوں ہی کرنسی نوٹ عوامی لین دین کیلئے استعمال کیے جاسکتے ہیں۔
اسٹیٹ بینک کے قیام کو 75 سال مکمل ہونے پر گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد نے کراچی میں منعقدہ تقریب کے دوران اس یاد گاری نوٹ کی نقاب کشائی کی۔ اس موقع ان کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک کا لیبل فریم ورک ماڈرن سینٹرل بینکنگ کے عین مطابق ہے جس میں وقت کے ساتھ بہتری لائی گئی ہے۔