کویتی ایئر لائن جزیرہ ایئر ویز کی جانب سے کویت سے اسلام اباد کے لیے بھی براہِ راست پروازوں کا آغاز ہو گیا ہے۔
پہلی پرواز اآج اسلام آباد پہنچی، جزیرہ ایئر ویز کی کویت سے براہِ راست پرواز J9-511 نے بدھ کی صبح 4 بج کر 31 منٹ پر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر لینڈ کیا۔ جزیرہ ایئر ویز اس سیکٹر پر ایئر بس اے 320 استعمال کر رہی ہے۔
اس حوالے سے ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق جزیرہ ایئر ویز ہفتہ وار 2 یعنی بدھ اور ہفتے کو پروازیں آپریٹ کرے گی۔
واضح رہے کہ 2004 میں کام شروع کرنے والی جزیرہ ایئر ویز کویت کی دوسری قومی ایئر لائن ہے۔ یہ ایئر لائن مشرق وسطی کی پہلی مکمل نجی ملکیت والی ہوائی کمپنی ہے۔جزیرہ ائیرویز کا مرکزی دفتر کویت کے ائیر پورٹ پر واقع ہے۔
سول ایویشن حکام کا کہنا ہے کہ اسلام آباد سے ہفتے میں 2 پروازوں سے کویت سے اسلام آباداور اسلام آباد سے کویت جانے والوں کیلئے آسانی پیدا ہوگی۔
دوسری جانب مسافروں نے بھی اسلام آباد سے براہ راست پروازیں شروع کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس اقدام کی تعریف کی ہے۔