پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار میں غیر معمولی تیزی، انڈیکس 550 پوائنٹس اضافے کی وجہ سے 6 سال بعد 49000 کی سطح کو عبور کرگیا۔
جمعرات کے روز کاروبار میں تیزی کا رجحان جاری رہا جس کی وجہ سے بینچ مارک 100 انڈیکس ٹریڈنگ سیشن کے ابتدائی اوقات میں 49000 سے تجاوز کر گیا۔
دوپہر تک انڈیکس 557.42 پوائنٹس یا 1.14 فیصد اضافے کی وجہ سے 49321 تک پہنچ گیا۔ سیمنٹ، فارماسیوٹیکل، کیمیکلز، کمرشل بینکوں اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں سمیت مختلف شعبوں کے حصص میں نمایاں فروخت دیکھی گئی جبکہ آٹوموبائل اسمبلرز اور دیگر کمپنیاں اوسط رفتار کے ساتھ آگے بڑھیں۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں یہ اضافہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کے ساتھ اسٹینڈ بائی معاہدے کے بعد دیکھنے میں آیا ہے ، مثبت پیش رفت کے باعث حصص کی تجارت 6 سال کی بلند ترین سطح پر ہوئی۔
یاد رہے کہ پاکستان اس وقت شدید معاشی مشکلات سے دوچار ہے تاہم گزشتہ دنوں آئی ایم ایف کی طرف سے بیل آؤٹ پیکیج، سعودی عرب اور متحدہ عمارات کی طرف سے رقوم کی فراہمی جبکہ چین کی جانب سے قرض کی قسط کی ادائیگی رول اوور کرنے کے بعد ملک میں دیوالیہ کے خدشات ختم ہوچکے ہیں۔
گزشتہ دنوں چینی نائب وزیراعظم کے دورہ پاکستان اور منرل سمٹ کی وجہ سے بھی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگیا ہے جس کی وجہ سے اسٹاک مارکیٹ 6 سال کی بلند ترین سطح کو پار کرگئی ہے۔