بیجنگ۔20جنوری (اے پی پی):چین کے وزیر زراعت اور دیہی امور تھانگ رن جیان نے واشنگٹن میں امریکی وزیر زراعت تھامس جیمز ولسیک کے ساتھ چین امریکا مشترکہ کمیٹی برائے زراعت کے ساتویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کی اور چین امریکا زرعی تعاون میکانزم کا دوبارہ آغاز کیا ۔ فریقین نے سمارٹ زراعت، فوڈ سکیورٹی، افرادی تبادلے اور تجارتی سہولیات کے بارے میں گہرائی سے تبادلہ خیال کیا۔
چینی میڈیا کے مطابق تھانگ رن جیان نے کہا کہ واشنگٹن میں مشترکہ کمیٹی کے اجلاس کا دوبارہ انعقاد، جو نو سال سے تعطل کا شکار تھا،فریقین کے زرعی تعلقات کی تاریخ میں نمایاں سنگ میل ہے۔ چین امریکا کے ساتھ مل کر فریقین کے زرعی تعاون کو عملی طور پر فروغ دینے اور اناج اور زرعی ترقی سے وابستہ توقعات کو مستحکم کرنے کے لئے کام کرنے کا خواہاں ہے۔تھامس جیمز ولسیک نے کہا کہ امریکا چین کے ساتھ مختلف زرعی شعبوں میں تعاون کو بہت اہمیت دیتا ہے اور مشترکہ کمیٹی کے میکانزم کے تحت ایک دوسرے کے خدشات کو مدنظر رکھنے اور ایک دوسرے کی سرگرمیوں کا جواب دینے کے لئے چین کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہے تاکہ امریکا اور چین کے زرعی تعلقات کی صحت مند ترقی کے لئے ایک اچھا ماحول پیدا کیا جاسکے۔امریکا میں قیام کے دوران چینی وزیر زراعت و دیہی امور نے درخواست پر امریکی تجارتی نمائندے کے دفتر کے چیف زرعی مذاکراتی نمائندے میک الیپ سے بھی ملاقات کی۔