واشنگٹن ۔26جنوری (اے پی پی):امریکی شہر اٹلانٹا کے انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ڈیلٹا ایئرلائنز کے مسافر طیارے بوئنگ 757 کا اگلا پہیہ ٹیک آف سے قبل الگ ہو گیا۔اردو نیوز کے مطابق فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈیلٹا ایئر لائنز کا مسافر طیارہ پرواز کے لئے تیار کھڑا تھا کہ اس وقت اس کا نوز ویل (اگلا پہیہ) جہاز سے الگ ہو گیا۔
اس واقعے میں طیارے میں موجود 184 مسافر اور عملے کے 6 افراد محفوظ رہے۔نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق طیارے بنانے والی کمپنی بوئنگ نے اس واقعے پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا اور ڈیلٹا ایئرلائن سے سوال کرنے کی ہدایت کی۔دوسری جانب فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے کہا ہے کہ وہ اس واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ ان دنوں بوئنگ کمپنی حال ہی میں الاسکا ایئرلائن کے بوئنگ طیارے کا دوران پرواز دروازہ ٹوٹ جانے کے بعد تحقیقات کی زد میں ہے۔پانچ جنوری کو ہونے والے اس واقعے میں الاسکا ایئرلائن کے بوئنگ 737 میکس 9 ماڈل کے دروازے کا پلگ پورٹ لینڈ اوریگان سے پرواز کرنے کے فوراً بعد اکھڑ گیا تھا اور جہاز میں سوراخ ہو گیا تھا۔ایف اے اے نے سفارش کر رکھی ہے کہ بوئنگ 737-900ER طیاروں کو چلانے والی ایئرلائنز دروازے کے پلگ کا معائنہ کریں ۔