ابوظہبی ۔12فروری (اے پی پی):متحدہ عرب امارات میں دبئی پولیس نے کارگو جہاز اور ماہی گیروں کی کشتی میں تصادم کے بعد کشتی میں سوار 8 ماہی گیروں کو بچا لیا۔
اردو نیوز کے مطابق حادثےمیں فشنگ بوٹ مکمل طور پر تباہ ہوگئی جبکہ 3 ماہی گیر زخمی ہوئے جنہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے دبئی کے راشد ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔دبئی پورٹ پولیس کے سربراہ بریگیڈیئر ڈاکٹر حسن سہیل السویدی نے بتایا کہ حادثہ گزشتہ رات پیش آیا۔انہوں نے کہا کہ مشکل موسمی صورتحال اور تیز ہواؤوں کے باوجود ریسکیو آپریشن میں تمام ماہی گیروں کو بحفاظت نکال کر زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے خبردار کیا کہ سمندر کا رخ کرنے والے موسمی تبدیلیوں کے حوالے سے جاری ہونے والی وارننگ کو نظر انداز نہ کریں، کیونکہ خراب موسم میں حادثات کا زیادہ خطرہ ہوتا ہے۔انہوں نے بحری جہازوں اور بوٹس کےکپتانوں کو دبئی پولیس کی ابحر بامان ایپ پر رجسٹر ہونے کی ہدایت کی، اس ایپ سے ہنگامی صورتحال پر جگہ کے تعین اور فوری امداد میں آسانی ہوگی۔