مدینہ منورہ ۔17فروری (اے پی پی):مدینہ منورہ کے گورنر شہزادہ سلمان بن سلطان بن عبدالعزیز نے 14ویں ’ینبع فلاور اینڈ گارڈن فیسٹیول‘ کا افتتاح کر دیا۔
سبق نیوز کے مطابق گورنر مدینہ منورہ کی آمد کے بعد فیسٹیول کے آغاز میں آتشبازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ بعدازاں گورنر نے وہاں لگائی گئی نرسریاں دیکھیں اور ان پر اپنی پسندیدگی کا اظہار کیا۔گورنر مدینہ نے فلاور فیسٹیول کے ذریعے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے حوالے سے تقریب میں بھی شرکت کی۔ینبع رائل کمیشن کے زیر اہتمام 14ویں فلاور فیسٹیول میں دو ہزار سے زیادہ رضاکاروں نے تقریب کی منصوبہ بندی اور اس پر عمل درآمد کے مختلف پہلوؤں کے حوالے سے اپنا حصہ ڈالا۔فیسٹیول میں آنے والوں کا کہنا تھا کہ ایسا لگ رہا تھا کہ جیسے زمین پر پھولوں کی بڑی باسکٹ سجا دی گئی ہے۔ اس موقع پر رائل کمیشن الجبیل اینڈ ینبع کے چیئرمین انجینئر خالد بن محمد السالم اور ینبع رائل کمیشن کے سی ای او انجینئر عبدالھادی بن عبدالرحمن الجھنی بھی موجود تھے۔