سلامتی کونسل غیر ملکی قبضے کے خاتمے اور فلسطینیوں اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو یقینی بنانے کے اقدامات کرے، منیر اکرم

image

اقوام متحدہ۔23مئی (اے پی پی):پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے غیر ملکی قبضے کے خاتمے اور کشمیریوں اور فلسطینیوں کے حق خودارادیت کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے سلامتی کونسل کی قرارداد 1265 (1999) کی پچیسویں سالگرہ کے سلسلے میں منعقدہ ’’مسلح تنازعات میں شہریوں کے تحفظ‘‘ کے موضوع پر ایک مباحثے کے دوران جنگوں سے متاثرہ علاقوں میں پھنسے شہریوں کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے 15 رکنی کونسل کو بتایا کہ ان تنازعات کی بنیادی وجوہات کو حل کرنا، سیاسی حل کو فروغ دینا، بین الاقوامی انسانی قانون کی پابندی کو یقینی بنانا اور جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے لیے استثنا کو ختم کرنا ناگزیر ہے۔

پاکستانی سفیر نے کہا کہ سلامتی کونسل مجرموں کو ہتھیاروں کی فراہمی روک کر ، ان جرائم کے ذمہ دار ریاستوں اور افراد کے خلاف کارروائی کر کے ، اور غیر ملکی قبضے کے تحت زندگی گزارنے پر مجبور شہریوں کو تحفظ فراہم کر کے جنگی جرائم کے مرتکب افراد کو جوابدہ ٹھہرا کر اپنا کردار ادا کر سکتی ہے۔ پاکستانی مندوب نے کہا کہ اسرائیل کی طرف سے غزہ میں فلسطینی شہریوں کے خلاف جاری جنگ میں طاقت کے اندھا دھند استعمال پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی عدالت نے غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائی کو ’’قابل مذمت نسل کشی‘‘ قرار دیا ہے اور یہ ہمیشہ کے لیے دنیا کے ضمیر پر ایک دھبہ رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں قتل عام کے ذمہ دار اس کی ذمہ داری سے جان نہیں چھڑا سکیں گے اور یہ انہیں ہمیشہ بے چین رکھے گی۔اسرائیلی جرائم میں معاونت کرنے والوں نے اسرائیل کو اس قتل عام پر کسی بھی ذمہ داری اور احتساب سے استثنا فراہم کر کے اور انتہا پسند اسرائیلی قیادت کو معافی کی پیشکش کرکے اپنی ہی ساکھ کو نقصان پہنچایا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کہ بین الاقوامی فوجداری عدالت کے پراسیکیوٹر کی طرف سے اسرائیلی رہنمائوں کی گرفتاری کے وارنٹ کی درخواست یہ آئی سی سی کی ساکھ کے لیے ٹیسٹ کیس ہوگا۔ پاکستانی مندوب نے یہ کہا کہ جب فوجی مہم کا مقصد ہی عام شہریوں کو جبر کا نشانہ بنانا اور انہیں ان کے گھروں اور علاقوں سے بے دخل کرنا ہو تو اس صورتحال میں عام شہریوں کو جارحیت سے تحفظ فراہم کرنا مشکل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کی طرح بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں کئی دہائیوں سے ظلم و جبر کی مہم جاری ہے جس پر یہاں تعینات 9 لاکھ بھارتی فوجی مکمل استثنا کے ساتھ عمل درآمد کر رہے ہیں اوراس کو مسئلہ کشمیر کا حتمی حل کہا جاتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں ایک لاکھ سے زیادہ افراد کو قتل اور 13 ہزار نوجوان لڑکوں کو اغو ا کیا گیا اور ان میں سے کئی کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں تسلیم کئے گئے حق خود ارادیت اور آزاد ی کا مطالبہ کرنے والے کشمیری لوگوں اور حریت رہنمائوں کو گرفتار کر کے قید میں رکھا گیا ہے۔دوران حراست متعدد افراد کو مار دیا گیا ، وہاں ماورائے عدالت قتل جاری ہیں اور فلسطینیوں کی طرح کشمیریوں کو بھی اجتماعی سزا دی جارہی ہے۔

انہوں نے قرارداد 2719 (2023)کی منظوری کا مطالبہ کیا جو امن کے نفاذ سمیت شہریوں کے تحفظ کے لیے ایک ’’اہم سنگ میل‘‘ ہے۔ پاکستانی مندوب نے کہا کہ اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر تنازعات کے حل کے لیے سیاسی اقدامات کے علاوہ جوابدہی کو یقینی بنانے کے لیے مضبوط قانونی طریقہ کار کے علاوہ، ہمیں متعلقہ علاقائی تنظیموں کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ کی صلاحیت کو بڑھانا چاہیے، تاکہ امن قائم کرنے کے اقدمات کو نافذ کیا جا سکے اور جنگوں سے متاثرہ علاقوں میں بین الاقوامی قوانین کے مطابق شہریوں کے تحفظ کو بحال رکھا جا سکے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.