کامسٹیک کے زیر اہتمام سینیگال میں روایتی و ہربل ادویات پر تین روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

image

اسلام آباد۔23مئی (اے پی پی):کامسٹیک اور نیشنل اکیڈمی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سینیگال نے جمہوریہ سینیگال اور او آئی سی کے مغربی افریقی ممالک کے لیے روایتی اور جڑی بوٹیوں کی دوائیوں کے لئے قوانین اور صلاحیت سازی پر تین روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ کامسٹیک کی جانب سے جاری بیان کے اپنے پیغام میں کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے او آئی سی کے رکن ممالک بالخصوص سینیگال میں روایتی اور ہربل ادویات کے استعمال کے بڑھتے ہوئے رجحان کا ذکر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ان ادویات کی حفاظت، تاثیر اور معیار کو یقینی بنانے کے لیے قوانین ضروری ہیں۔

انہوں نے روایتی اور جڑی بوٹیوں کی دوائیوں کے لیے قانون سازی کے مسودے کو حتمی شکل دینے اور اسے نافذ کرنے میں سینیگال کی مدد کرنے کے لیے کامسٹیک کے عزم کا اظہار کیا۔ نیشنل اکیڈمی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سینیگال کے صدر پروفیسر ڈاکٹر عثمان کین نے اپنے خطاب میں ورکشاپ کے انعقاد پر کامسٹیک، پاکستانی اور سینیگال کے شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا۔ سینیگال کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور اختراع نے روایتی اور جڑی بوٹیوں کی دوائیوں کو ترجیح دینے پر کامسٹیک اور عالمی ادارہ صحت کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ سینیگال میں 60 فیصد مریض ایلوپیتھک علاج کا سہارا لینے سے پہلے روایتی ادویات کی طرف رجوع کرتے ہیں۔ اس موقع پر سینیگال میں پاکستان کی سفیر صائمہ سید نے مغربی افریقہ میں اس طرح کے تربیتی پروگراموں کے انعقاد میں سفارت خانے کی طرف سے کامسٹیک سے مکمل تعاون کا اعادہ کیا۔ورکشاپ میں روایتی معالجین، روایتی ادویات کے پریکٹیشنرز، محققین، ماہرین تعلیم اور سائنسدانوں نے شرکت کی۔ ڈاکٹر عبدالرشید کنسلٹنٹ صحت کامسٹیک نے روایتی اور جڑی بوٹیوں کی ادویات کے عالمی تحفظ پر لیکچر دیا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.