سیاسی مذاکرات بلوچستان میں خوشحالی لانے کا راستہ ہیں: صدر مملکت

image
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سیاسی مذاکرات بلوچستان میں خوشحالی، ترقی اور امن لانے کا راستہ ہیں۔ بلوچستان کی سماجی اور اقتصادی حالت بہتر بنانے کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے جمعرات کو بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے امن وامان کی صورتحال اور گوادر سمیت بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز احمد بگٹی، گوادر سے رکن قومی اسمبلی ملک شاہ گورگیج، صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو، گوادر سے رکن بلوچستان اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان کے علاوہ اعلٰی سول و فوجی حکام نے شرکت کی۔

سرکاری بیان کے مطابق صدر مملکت کو صوبے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال کے ساتھ ساتھ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں دہشت گرد حملوں کا کامیابی سے مقابلہ کرنے سے متعلق سکیورٹی فورسز کے کردار کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبائی حکومت نے صوبے میں سکیورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے ٹارگٹڈ لائحہ عمل اپنایا ہے۔

صدر مملکت کو بتایا گیا کہ صوبائی حکومت چینی اور غیرملکی شہریوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے صوبائی حکومت کی کوششوں کے ساتھ دہشت گردی سے نمٹنے میں سکیورٹی فورسز کے قربانیوں کو سراہا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ’استغاثہ کے نظام کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ دہشت گرد عناصر انصاف سے بچ نہ سکیں۔ بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے استعداد کار کو بڑھانا ہو گا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں قابل اور بہادر افسران تعینات کرنا ہوں گے تاکہ وہ صورتحال کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے گوادر کا دورہ کرنے پر صدر کا شکریہ ادا کیا۔ (فوٹو: بلوچستان حکومت)صدر مملکت نے ہدایت کی کہ بلوچستان میں سکیورٹی اداروں کے شہدا کے لواحقین کے معاوضے میں اضافہ کر کے باقی صوبوں کے برابر لایا جائے۔

آصف علی زرداری نے زائرین کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے گوادر کا دورہ کرنے پر صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس سے بلوچستان کے عوام کو اپنائیت کا احساس ملے گا اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی اداروں کے عزم کو تقویت ملے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پولیس اور لیویز کے استعداد کار میں اضافہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کو بلوچستان کی ترقی کے لیے قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کے علاوہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.