مستونگ: مسلح افراد کی قومی شاہراہ پر ناکہ بندی، فائرنگ سے ڈی سی پنجگور سمیت 2 افراد ہلاک

image

بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ایک قاتلانہ حملے میں ڈپٹی کمشنر پنجگور ہلاک ہوگئے ہیں۔ حملے میں رکن بلوچستان اسمبلی کے بھائی اور پنجگور کے ڈسٹرکٹ کونسل چیئرمین سمیت دو افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

لیویز کنٹرول مستونگ کے مطابق ڈسٹرکٹ چیئرمین اور ڈپٹی کمشنر پنجگو ر اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پیر کی رات کو پنجگور سے کوئٹہ جارہے تھے جب انہیں کوئٹہ کراچی شاہراہ پر مستونگ کے نواحی علاقے کھڈ کوچہ میں کنڈ عمرانی کے مقام پر نشانہ بنایاگیا۔

ڈپٹی کمشر مستونگ سید سمیع اللہ آغا نے اردو نیوز سے ٹیلیفون پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ نامعلوم افراد کی جانب سے ان کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی جس سے ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر  بلوچ کے علاوہ ڈسٹرکٹ کونسل پنجگور کے چیئرمین مالک جان بلوچ اور ان کے ایک ساتھی احمد جان زخمی ہوئے۔ 

زخمیوں کو فوری طور پر مستونگ کے نواب غوث بخش میموریل ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ہسپتال کے سربراہ ڈاکٹر سعید احمد نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ دورام علاج دم توڑ گئے۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں شدید زخمی حالت میں ہسپتال کے شعبہ حادثات لایا گیا جہاں سے انہیں فوری طور پر آپریشن تھیٹر منتقل کیا گیا۔

ڈاکٹرسعید احمد کے مطابق ڈپٹی کمشنر کو سینے میں گولی لگی تھی جس کی وجہ سے اندرونی طور پر بہت زیادہ خون بہا اور جسم کے بڑے اعضا نے کام کرنا چھوڑ دیا جس کی وجہ سے ان کی موت ہوگئی۔

ہسپتال کے سربراہ کے مطابق باقی دو زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہیں انہیں ٹانگ میں گولیاں لگی ہیں۔ ان کا مزید علاج کیا جارہا ہے۔

زخمیوں کو فوری طور پر مستونگ کے نواب غوث بخش میموریل ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ (فوٹو: بشکریہ فیض محمد)

لیویز کے مطابق حملے کی وجہ اور حملہ آوروں سے متعلق اب تک کچھ معلوم نہیں۔ علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

زخمیوں میں شامل مالک جان نیشنل پارٹی بلوچستان کے صدر اور پنجگور سے بلوچستان اسمبلی کے رکن اسمبلی رحمت صالح بلوچ کے بھائی ہیں۔ رحمت بلوچ سابق صوبائی وزیر صحت بھی رہ چکے ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے فائرنگ کے واقعہ میں ڈپٹی کمشنر ذاکر بلوچ کی موت اور دیگر کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔

اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ذاکر بلوچ حکومت بلوچستان کے ایک باصلاحیت افسر تھے جنہوں نے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں۔ وہ سول سروس کے ابھرتے ہوئے ستارے تھے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ واقعہ میں ملوث دہشت گرد عناصر کو معاف نہیں کیا جائے گا اور ان کا آخر تک پیچھا کریں گے۔ دہشت گردی کے خلاف اس لڑائی میں سب کو متحد ہوکر جواب دینا ہوگا۔

وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے محکمہ داخلہ کو ہدایت کی کہ وہ دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے فوری کارروائی کرے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.