عوام اور افواج کے درمیان خلیج پیدا کرنے والوں کو مایوسی ہوگی،آرمی چیف

image

آرمی چیف سید عاصم منیر نے پاکستان کے یوم آزادی کے عظیم موقع پر سب کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام اور افواج کے درمیان خلیج پیدا کرنے والوں کو مایوسی ہوگی۔

پی ایم اے کاکول میں آزادی پریڈ  سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا اللہ تعالیٰ نے ہمیں پاکستان کی صورت میں آزادی سے نوازا،آزادی پاکستان علامہ اقبال،قائداعظم اور لاکھوں لوگوں کی قربانی کا ثمرہے.

قیام پاکستان کا مقصد صرف جغرافیائی خطے کا حصول نہ تھا،آزاد فضائوں میں زندگی بسر کرنا ہمارے شہدا کی قربانیوں کا ثمر ہے۔

کسی بھی مشکل نے ہمارے عزم اور حوصلے کو کمزور نہیں کیا،ہمارے قومی شعور کی بنیاد نظریہ پاکستان ہے جو دو قومی نظریہ پر مبنی ہے،دو قومی نظریے نے برِصغیر کے مسلمانوں کو علیحدہ شناخت، ثقافت اور تہذیب کا موقع فراہم کیا۔

آرمی چیف نے مزید کہا کہ یہ ملک نہ صرف قائم رہنے، بلکہ دنیائے عالم میں نمایاں مقام حاصل کرنے کے لئے معرضِ وجود میں آیا،اِسی مناسبت سے قائد اعظم کے تاریخی الفاظ انتہائی اہم ہیں کہ’’آئیے اب ہم سب ملکر اپنی قوم کو بنائیں اور اسکی تعمیر نو کریں‘‘،

پاکستان کے قائدین اور کارکنان کے ساتھ ساتھ شہداء، غازیوں اور لواحقین کو خراج عقیدت اور سلام پیش کرتے ہیں،آج ان آزاد فضاؤں میں زندگی بسر کرنا شہداء کی عظیم قربانیوں کی مرہونِ منت ہے۔

تاریخی طور پر ہم من حیثُ القوم ہمیشہ ہر مشکل کے بعد اور بھی زیادہ مضبوط بن کر ابھرے، جس میں قوم اور افواج کا باہمی اعتماد کلیدی ہے،نا اتفاقی اور انتشار ملک کو اندر سے کھوکھلا کرکے بیرونی جارحیت کے لیے راہ ہموار کر دیتے ہیں۔

قوم کا پاک فوج پر غیر متزلزل اعتماد ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ ہے،کوئی منفی قوت، اعتماد اور محبت کے اس رشتے کو نہ کبھی کمزور کر سکی ہے، نہ ہی آئندہ کر سکے گی،افواج پاکستان نے ملک کے اندرونی اور بیرونی دفاع کی قسم کھا رکھی ہے۔

ہم کسی بھی صورت اور قیمت پر اپنی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، انشاء اللّٰہ،پاکستان کا مقام ہر دور میں نہ صرف خطے اور مسلم امہ میں، بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

بے پناہ قُدرتی وسائل، جفاکش عوام اور حوصلہ مند نوجوانوں کی بدولت، بلاشبہ پاکستان کا مستقبل روشن اور تابناک ہے،افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردی کا کامیابی سے مقابلہ کیا ہے اور لازوال قربانیاں دی ہیں۔

مستقبل میں بھی افواج پاکستان کسی قربانی سے دریغ نہ کرنے کا مُصِمّم اور غیر متزلزل ارادہ رکھتی ہیں،عزم استحکام قومی عزم کا استعارہ، سلامتی کا ضامن اور وقت کا اہم تقاضہ ہے۔

افواج پاکستان کو کمزور کرنا پاکستان کو کمزور کرنے کے مترادف ہے،آئیے ہم سب مل کر اپنی قوم کو بنائیں اور اسکی تعمیر نو کریں۔تاریخی طور پر ہم من حیثیت القوم ہمیشہ ہرمشکل کے بعد اور بھی زیادہ مضبوط بن کر ابھرے ہیں۔

عوام اور افواج کے درمیان خلیج پیدا کرنے والوں کو مایوسی ہوگی،بلوچستان بہادر اور حب الوطن لوگوں کا مسکن ہے۔بہترین ٹرن آؤٹ اور وطن عظیم کو شاندار خراجِ تحسین پیش کرنے پر پاکستان ملٹری اکیڈمی اور اس کے جری کیڈٹس کو سراہتا ہوں۔

قبل ازیں وطن عزیز کے77ویں یوم آزادی کے موقع پر پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں آزادی پریڈ ہوئی،پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کیڈٹس نے مخصوص انداز میں ڈرل پریڈ کی مہارت کامظاہرہ کیا۔

پاک سرزمین اورمادر وطن کے شہدا کو خصوصی خراج عقیدت پیش کیا گیا،آرمی چیف جنرل سیدعاصم منیر کو سلامی پیش کی گئی۔

تلاوت کلام پاک سےتقریب کاآغازہوا،تقریب میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی تقریر سنائی گئی،لیزر شو کے ذریعے تعمیر پاکستان اورجدوجہد آزادی کےمناظر دکھائےگئے،ملٹری اکیڈمی کاکول کے کیڈٹس نے مارچ پاسٹ کیا۔

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.