عہد کریں کہ عوامی ترقی کے لیے کام کریں گے، صدر مملکت

image

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ جشن آزادی پر عہد کریں کہ عوامی ترقی کے لیے کام کریں گے۔ پاکستان کو ایک خوشحال ملک بنائیں گے۔

صدر آصف علی زرداری نے پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر پیغام میں کہا کہ پاکستان کے یوم آزادی پر پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یوم آزادی حق خود ارادیت کے لیے ہندوستانی مسلمانوں کی تاریخی سیاسی جدوجہد کا نقطہ عروج ہے۔

انہوں نے کہا کہ پرامن اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے پاکستان کا قیام تاریخ کا ایک بے مثل اور بے نظیر باب ہے۔ پاکستان کیلئے انگنت قربانیاں دینے والے تحریک ِپاکستان کے رہنماؤں، کارکنوں، اپنے آباؤ اجداد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر کام کرنا ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: عوام اور افواج کے درمیان خلیج پیدا کرنے والوں کو مایوسی ہوگی،آرمی چیف

آصف علی زرداری نے کہا کہ ملکی اتحاد، سالمیت، معاشی استحکام کیلئے پرعزم ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمارے ملک کو بے شمار انسانی اور قدرتی وسائل سے نوازا گیا ہے۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے وسائل کو بروئے کار لائیں۔

انہوں نے کہا کہ قانون کی حکمرانی، جمہوری اداروں کے استحکام،عوامی مفاد میں کام کرنا ہو گا۔ قوم کو ہم سے بہت سی توقعات ہیں۔ عوامی امنگوں پر پورا اترنے کی کوشش کرنی چاہیئے۔ قائداعظم کے فرمان کے مطابق تمام توجہ عوام الناس اور غریب طبقے کی فلاح و بہبود پر مرکوز کرنی چاہیئے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کو عظیم ملک بنانے کیلئے نوجوانوں اور خواتین پر سرمایہ کاری کرنا ہو گی۔ ملکی ترقی کے لیے خدمات کی فراہمی بہتر بنانے، کاروبار کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ جشن آزادی پر سات دہائیوں سے اپنی آزادی اور حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کرنے والے اپنے کشمیری اور فلسطینی بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہیئے۔ ہم مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.