یوکرین کا روسی علاقے پر قبضہ: ’دلیرانہ چال‘ جو ماسکو سے مذاکرات میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے

یوکرین کو ایک واضح فیصلہ کرنا ہے اور وہ یہ کہ کیا وہ اپنی افواج کو اسی مقام پر رکھ کر روس پر دباؤ بڑھانا چاہتا ہے یا پھر فوری طور پر اپنی فوج اس علاقے سے واپس بلانا بہتر ہو گا۔
ukraine
Getty Images

یوکرین کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ روسی سرزمین کے جس چھوٹے سے ٹکڑے پر گذشتہ ہفتے قبضہ کیا گیا، یوکرین اسے مستقل طور پر اپنے پاس رکھنے کا ارادہ نہیں رکھتا۔

لیکن اس اعلان کے باوجود یوکرین کو ایک واضح فیصلہ کرنا ہے اور وہ یہ کہ کیا وہ اپنی افواج اسی مقام پر رکھ کر روس پر دباؤ بڑھانا چاہتا ہے یا پھر فوری طور پر اپنی فوج اس علاقے سے واپس بلانا بہتر ہو گا۔

یوکرین رواں موسم گرما کے دوران ایک اچھی خبر کا شدت سے منتظر تھا کیوں کہ ڈونباس کے خطے میں تھکی ہاری یوکرینی فوج روسی ڈرون اور میزائل سمیت گلائیڈ بموں کے حملوں کے بعد پسپائی اختیار کر رہی تھی۔

تاہم روس کے کرسک خطے میں ایک غیر معمولی حد تک دلیرانہ اور منظم حملے نے یوکرین کا حوصلہ بھی بلند کیا ہے۔

ایک سینیئر برطانوی دفاعی شخصیت، جنھوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بات کی، نے مجھے بتایا کہ اس حملے کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ یوکرینی فوج نے کس طرح فضائی دفاع، انفینٹری اور ٹینکوں سمیت الیکٹرانک جنگی حکمت عملی کو یکجا کرتے ہوئے استعمال کیا جو بہت متاثر کن تھا۔

یوکرین کی جانب سے مغرب کا فراہم کردہ اسلحہ، جیسا کہ جرمنی کا مارڈر اور دیگر بکتربند گاڑیاں، گذشتہ سال موسم گرما میں ناکام ہو جانے والے اس حملے کے مقابلے میں زیادہ بہتر طریقے سے استعمال کیا گیا جب روسی فوج کو یوکرین کے جنوب مشرقی صوبوں سے بے دخل کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔

لیکن روس میں داخل ہو جانے کے بعد اب یوکرین کی فوج کی حکمت عملی کیا ہو گی؟

یوکرین کے فوجی روسی سرزمین پر
Reuters
یوکرین کے فوجی روسی سرزمین پر

محتاط موقف

اس بحث کے دوران ایک جانب یقیناً یہ محتاط مؤقف لیا جائے گا کہ یوکرین نے جو ثابت کرنا تھا وہ کر دیا کہ روسی صدر پوتن کے فیصلے کی قیمت روسی شہریوں کو بھی ادا کرنا ہو گی اور ڈونباس میں پسپائی کے باوجود یوکرین نے جدید جنگی حکمت عملی کے تحت ایک منظم حملہ کرنے کی صلاحیت دکھا دی ہے۔

دوسرے لفظوں میں ابھی پسپائی اختیار کر لی جائے جبکہ یوکرین کا پلڑہ بھاری ہے اس سے پہلے کہ روس اتنی فوج کے ساتھ حملہ کرے کہ یوکرین کے فوجی ہلاک ہوں یا قیدی بن جائیں۔

تاہم اس وقت پسپائی کا راستہ اختیار کرنے سے یوکرین کے حملے کے دو واضح مقاصد کو چوٹ پہنچے گی جن میں سے ایک تو یہ ہے کہ روس ڈونباس خطے سے اپنی فوج کا کچھ حصہ ہٹانے پر مجبور ہو اور دوسرا یہ کہ روس کا اتنا علاقہ قبضے میں لے لیا جائے کہ مستقبل میں امن مذاکرات میں استعمال کیا جائے۔

ایکزیٹر یونیورسٹی کے ڈاکٹر ڈیوڈ بلاگڈن کہتے ہیں کہ ’اگر یوکرین روسی علاقہ قبضے میں رکھتا ہے تو پھر اپنے علاقوں کی واپسی کے لیے مذاکرات میں اسے آسانی ہو گی۔ یوکرین کوشش کرے گا کہ روسی شہریوں کے ذہن میں طاقتور پوتن کے نقش کو بھی نقصان پہنچائے اور روس کو اس بات پر مجبور کرے کہ وہ مذاکرات کرے۔‘

ایک بات جو واضح ہے وہ یہ کہ روسی سرزمین پر یوکرین کی افواج کی موجودگی، یعنی ایک ایسا ملک جو پوتن کے خیال میں خودمختارانہ وجود ہی رکھنے کا اہل نہیں ان کے لیے ناقابل برداشت ہو گی۔

یوکرین نے ثابت کر دیا ہے کہ اسے مشترکہ فوجی جنگ میں مہارت حاصل ہو گئی ہے
Getty Images
یوکرین نے ثابت کر دیا ہے کہ اسے مشترکہ فوجی جنگ میں مہارت حاصل ہو گئی ہے

کیا یوکرین کا جوا کامیاب ہو گا؟

پوتن اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے ہر ممکن وسیلے کا استعمال کریں گے جبکہ ڈونباس میں یوکرین پر دباؤ برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ خطے میں ڈرون اور میزائل حملوں سے عام شہریوں کو سزا دینے کی کوشش کریں گے۔

روسی ٹی وی کی فوٹیج میں گذشتہ دن ماسکو میں ایک ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پوتن کی پریشانی عیاں تھی۔

تو کیا یوکرین کا جوا کامیاب ہو گا؟ یہ کہنا قبل از وقت ہو گا۔

اگر یوکرین کی فوج روس کی سرحد کے اندر موجود رہتی ہے تو انھیں توقع رکھنی چاہیے کہ روس کا ردعمل اور جوابی کارروائی انتہائی شدید ہو گی۔

ڈاکر بلاگڈن خبردار کرتے ہیں کہ ’یوکرین کے لیے حملے میں کامیابی کے بعد روسی علاقے پر قبضہ برقرار رکھنے کے لیے انفرادی وسائل، سامان اور رسد کی ضروریات کو پورا کرنا بہت اہم ہو گا۔‘

یقیناً یہ رواں سال میں یوکرین کی جنگی حکمت عملی کی سب سے دلیرانہ چال تھی لیکن یہ سب سے زیادہ خطرناک بھی تھی۔


News Source   News Source Text

BBC
مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.