ٹرینی ڈاکٹر کا ریپ اور قتل، انڈیا بھر میں ڈاکٹروں کی 24 گھنٹے ہڑتال شروع

image

انڈیا بھر میں ڈاکٹروں اور طب کے شعبے سے منسلک افراد نے 24 گھنٹے کی ہڑتال شروع کر دی ہے۔

خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق سنیچر کو شروع کی جانے والی اس ہڑتال سے ایمرجنسی کے شعبے کو الگ رکھا گیا ہے۔

انڈیا کے مشرقی شہر کولکتہ میں ایک ٹرینی ڈاکٹر پر تشدد، ریپ اور قتل کے بعد صحت کے شعبے میں کام کرنے والے گزشتہ چار دن سے احتجاج کر رہے ہیں۔

انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن کے ایک بیان کے مطابق ہڑتال صبح چھ بجے شروع ہوئی جس کے تحت ملک بھر میں ڈاکٹر مریضوں کی تشخیص اور او پی ڈی سے غیرحاضر رہیں گے۔

دنیا میں سب سے بڑی آبادی والے ملک میں ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ احتجاج کے دوران ایمرجنسی میں مریضوں کا علاج جاری رکھا جائے گا۔

گزشتہ ہفتے کولکتہ کے ایک میڈیکل کالج میں 31 سالہ ٹرینی ڈاکٹر کو ریپ کے بعد تشدد سے قتل کر دیا گیا تھا۔

مقتول ڈاکٹر اسی کالج میں کام کر رہی تھی۔ قتل کے بعد پورے انڈیا میں احتجاج شروع ہو گیا۔

حالیہ واقعے نے سنہ 2012 میں دہلی کی چلتی بس میں 23 سالہ طالبہ کے گینگ ریپ اور قتل کے بعد ہونے والے ملک گیر احتجاج کی یاد تازہ کر دی جس نے معاشرے کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔

خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے تشدد کو روکنے کے لیے سخت قوانین بنانے اور اُن پر عمل درآمد میں پولیس اور انتظامیہ کی ناکامی نے ڈاکٹروں اور خواتین کے حقوق کے گروپوں کے احتجاج کو ہوا دی ہے۔

انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر آر وی اشوکن نے جمعہ کو روئٹرز کو بتایا ’اس ملک میں خواتین طب کے شعبے میں اکثریت میں ہیں، اور ہم نے بار بار حکام کو اُن کی حفاظت کی درخواست کی ہے۔‘

انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن کے مطابق ہڑتال میں شعبہ طب سے منسلک دس لاکھ سے زائد افراد حصہ لیں گے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.