جمہوریت کی مضبوطی کیلئے عوام کے فیصلے کو قبول کرنا ہوگا: بلاول بھٹو

image

ڈپٹی اسپیکر غلام مصطفیٰ شاہ کی زیرصدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ الیکشن 2024 کے فارم 45 اور 47 سے متعلق کیے گئے پروپیگنڈے کے حوالے سے ایک بڑی کہانی سامنے آنے والی ہے، جب حقائق سامنے آئیں گے تو یہ (رہنما پی ٹی آئی) اپنا منہ عوام کو نہیں دکھاسکیں گے، جمہوریت کی مضبوطی کیلئے عوام کے فیصلوں کو قبول کرنا ہوگا۔

اجلاس کے آغاز پر پنجاب کے ضلع رحیم یار خان سے نو منتخب ایم این اے مخدوم طاہر رشید الدین نے حلف اٹھا لیا، ڈپٹی اسپیکر نے نو منتخب رکن اسمبلی سے حلف لیا جب کہ اجلاس میں 26ویں آئینی ترمیم پیش کیے جانے کا امکان ہے، عدلیہ سے متعلق آئینی ترمیم وفاقی وزیر قانون و پارلیمانی امور اعظم نذیر تارڑ پیش کریں گے جس کی منظوری کے لیے دو تہائی اکثریت کی ضرورت ہوتی ہے۔

اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ رحیم یار خان کے عوام کا شکر گزار ہوں، رحیم یار خان کے عوام نے نفرت، تقسیم اور گالم گلوچ کی سیاست کوہرایا، طاہر رشیدالدین کو رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد دیتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام نے پیپلزپارٹی کے امیدوار کو کامیاب کرایا، گالم گلوچ اور نفرت کی سیاست کو شکست ہوئی ہے، جنوبی پنجاب کی تنظیم کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں، یہ الیکٹیڈ ارکان میرے وہ سپاہی ہیں جو ڈرتے ہیں اور نہ ہی جھکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے سپاہی ہر فتنے کا مقابلہ کرسکتے ہیں، میں پیپلز پارٹی کی جنوبی پنجاب کی تنظیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جنوبی پنجاب نے ووٹ کی طاقت سے ڈٹ کر جھوٹ کا مقابلہ کیا، ہم جمہوریت اور پارلیمنٹ کو فعال کرنا چاہتے ہیں، کیا ہارنے والے اپنی ہار ماننے کے لیے تیار ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ جمہوریت کو آگے لے کر بڑھنا ہے تو عوام کے فیصلے پر اعتماد کرنا پڑے گا، جمہوریت کی مضبوطی کیلئے عوام کے فیصلوں کو قبول کرنا ہوگا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ فارم 45 اور 47 کے پروپیگنڈے پر بڑی کہانی سامنے آنے والی ہے، جب حقائق سامنے آئیں گے تو یہ اپنا منہ عوام کو نہیں دکھاسکیں گے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.