پاک سوزوکی موٹرز نے موٹر سائیکل شوقینوں کے لیے بری خبر دی ہے، کیونکہ کمپنی نے اپنی دو مشہور ماڈلز ’’جی ڈی 110 ایس‘‘ اور ’’جی ایس 150‘‘ کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کا اعلان کر دیا ہے۔ نئی قیمتیں 15 اکتوبر 2024 سے نافذ العمل ہوں گی، جس کی اطلاع سوزوکی نے اپنے ڈیلرز اور شو روم مالکان کو باضابطہ خط کے ذریعے دی۔
خط کے مطابق، ’’جی ڈی 110 ایس‘‘ کی نئی قیمت اب 3 لاکھ 59 ہزار روپے ہوگی، جو کہ پہلے 3 لاکھ 52 ہزار روپے تھی، یعنی قیمت میں 7 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اسی طرح، ’’جی ایس 150‘‘ کے شائقین کو بھی 7 ہزار روپے اضافے کے بعد اب 3 لاکھ 89 ہزار روپے خرچ کرنا پڑیں گے۔
یہ اضافہ فیکٹری قیمت کے علاوہ موٹر سائیکل کی ڈیلرشپ تک پہنچانے کے فریٹ چارجز کو بھی شامل کرتا ہے۔ سوزوکی نے خط میں یہ بھی واضح کیا ہے کہ قیمتیں کسی بھی وقت بغیر اطلاع کے تبدیل کی جا سکتی ہیں اور حتمی قیمت کا اطلاق موٹر سائیکل کی ڈیلیوری کے وقت ہوگا۔ اس کے علاوہ، کسی بھی حکومتی ٹیکس کا بوجھ بھی صارفین کو ہی برداشت کرنا ہوگا۔
سوزوکی کی جانب سے اچانک قیمتوں میں اضافے کا یہ فیصلہ خریداروں کو مشکل میں ڈال سکتا ہے، خاص طور پر ان لوگوں کے لیے جو پہلے سے ہی بجٹ میں رہ کر خریداری کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔