قومی اسمبلی کا اجلاس: انصاف کا گرتا معیار اور عدلیہ کی کارکردگی زیرِبحث آئیں گے

image
پاکستان کی پارلیمان آج پیر کو ایک مرتبہ پھر اعلٰی عدالتوں کی کارکردگی زیرِبحث لائے گی۔ اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پارلیمانی کارروائی کے دوران نہ صرف اہم قانون سازی ہو گی بلکہ عدالتوں سے فراہم کیے جانے والے انصاف کے عمل پر تبادلہ خیال بھی ہو گا۔

پاکستان کی قومی اسمبلی کے اجلاس کے لیے جاری کیے جانے والے ایجنڈے کے مطابق حکومت سپریم کورٹ کی کارروائی کے لیے لائے گئے پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس کو ایوان میں پیش کرے گی۔

اس کے علاوہ رکن قومی اسمبلی سحر کامران عالمی درجہ بندی کے تحت پاکستان میں انصاف کی فراہمی کے گرتے ہوئے معیار کا معاملہ بھی اٹھائیں گی، اور توجہ دلاؤ نوٹس کے ذریعے ایوان میں ورلڈ جسٹس پراجیکٹ کے قانون کی حکمرانی کے انڈیکس کو سامنے رکھیں گی جس میں پاکستان دنیا کے 142 ممالک میں سے 129 ویں نمبر پر ہے۔

اس کے علاوہ اپوزیشن کی جانب سے اعلٰی عدلیہ میں ججوں کی نامزدگی کے متعلق حال ہی میں منظور ہونے والی 26 ویں آئینی ترمیم، ججوں کی تعداد میں اضافے کے لیے مجوزہ بل اور متوقع 27 ویں آئینی ترمیم کے معاملات زیرِبحث لائے جانے کا بھی امکان ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کی پارلیمان میں گذشتہ کئی ماہ سے عدالتوں کی کارکردگی بحث کا موضوع بنی ہوئی ہے، اور گذشتہ ماہ منظور کی گئی 26 ویں آئینی ترمیم پر بحث اور رائے شماری کے دوران بھی اس بارے میں تقاریر کی گئی تھیں۔

اس ترمیم کی منظوری کے بعد پاکستان میں اعلٰی عدلیہ کی تشکیل نو کا عمل جاری ہے اور منگل کو جوڈیشل کمیشن کا اہم اجلاس بھی منعقد ہو رہا ہے۔

قومی اسمبلی میں قومی ایئرلائن پی آئی اے کی زبوں حالی کا معاملہ بھی اٹھے گا۔ رکن قومی اسمبلی سحر کامران گراونڈ کیے گئے طیاروں کا معاملہ اٹھا کر اس موضوع کو زیرِبحث لائیں گی۔

پارلیمان میں یہ معاملہ پی آئی اے کی نجکاری کا عمل ناکام ہونے کے چند روز بعد سامنے لایا جا رہا ہے۔

ورلڈ جسٹس پراجیکٹ کے قانون کی حکمرانی کے انڈیکس میں پاکستان 129 ویں نمبر پر ہے۔ (فوٹو: روئٹرز)

گذشتہ ہفتے بلیو ورلڈ سٹی کنسورشیم کی جانب سے پی آئی اے کی نجکاری کے لیے رکھی گئی 85 ارب روپے کی قیمت کے جواب میں صرف 10 ارب روپے کی بولی لگائی گئی تھی جس کے بعد پاکستان کی وزارت نجکاری نے اس بولی کو ناکام قرار دے دیا تھا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں وفاقی وزیر قانون پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے صدر مملکت آصف علی زرداری کے خطاب پر تحریک تشکر پیش کریں گے جبکہ متعدد دیگر اراکین نقطہ اعتراض پر اہم معاملات زیرِبحث لائیں گے۔

پیر کو سینیٹ کا بھی اجلاس منعقد ہو رہا ہے جس میں اہم قومی امور زیرِبحث لائے جائیں گے۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی ضمانت کی تین درخواستوں پر سماعت کرے گی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ عمران خان کی ضمانت کی تین درخواستوں پر سماعت کرے گی۔ (فوٹو: روئٹرز)

اسلام آباد ہائی کورٹ عمران خان کے وکیل انتظار حسین پنچوتھا کے اغوا کا مقدمہ بھی سنے گی۔ انتظار پنچوتھا گذشتہ تین ہفتے غائب رہنے کے بعد سنیچر کی رات صوبہ پنجاب کے ضلع اٹک کے علاقے حسن ابدال سے اس وقت بازیاب ہوئے تھے جب ایک پولیس ناکے پر ان کے اغوا کار انہیں ایک گاڑی میں زخمی حالت میں اور رسیوں سے بندھا ہوا چھوڑ کر فرار ہو گئے تھے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.