پاکستانی پاسپورٹ بنوانے کے خواہش مند افراد کے لیے بڑی خوشخبری ہے! پاسپورٹ کا اجرا تیزی سے ہونے والا ہے کیونکہ محکمہ پاسپورٹ میں پرنٹنگ کی رکاوٹیں دور ہوگئی ہیں۔ نجی چینل کے مطابق، بیرون ملک سے 10 جدید پرنٹنگ ڈیسک ٹاپ مشینیں پاکستان پہنچ چکی ہیں، جو آئندہ ہفتے سے فعال ہوجائیں گی۔
اس ترقی کے ساتھ، پاسپورٹ آفس کی پرنٹنگ صلاحیت دگنی ہوجائے گی، جس سے روزانہ 20 سے 22 ہزار پاسپورٹس کی بجائے 45 سے 50 ہزار درخواستیں نمٹانے میں مدد ملے گی۔
مزید برآں، ڈی جی پاسپورٹ مصطفیٰ جمال قاضی کے مطابق، کراچی، لاہور، اسلام آباد سمیت بڑے شہروں میں پاسپورٹس کے بیگ لاک کے مسئلے کو کامیابی سے حل کر لیا گیا ہے، اور بیرون ملک سے درخواست دینے والے پاکستانیوں کے لیے بھی تاخیر کا مسئلہ کم کر دیا گیا ہے۔
مصطفیٰ جمال قاضی نے مزید بتایا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو 24 ہزار سے زائد پاسپورٹس ڈیلیور کیے جا چکے ہیں اور بیرون ملک سفر کی زیادہ ضرورت والے افراد کو ترجیح دی گئی ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ نئے پرنٹرز کی آمد کے بعد روزانہ 65 ہزار پاسپورٹس پراسس کیے جا سکیں گے، جس سے پاسپورٹ اجرا کا عمل مزید ہموار ہوجائے گا۔
خیال رہے کہ پاکستانی پاسپورٹ، جو ڈائریکٹریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کی جانب سے جاری کیا جاتا ہے، پاکستانی شہریت اور شناخت کی اہم دستاویز ہے۔ پانچ اور دس سال کی میعاد کے ساتھ پاسپورٹ جاری کیے جاتے ہیں، جبکہ 15 سال سے کم عمر بچوں کے لیے پانچ سال کا پاسپورٹ فراہم کیا جاتا ہے۔
مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ نہ صرف زیادہ محفوظ ہیں بلکہ بین الاقوامی سفر کے لیے بھی لازمی ہیں، اور پاسپورٹ کی درخواست اب آن لائن یا قونصل خانوں میں دی جا سکتی ہے۔