پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے فیصلہ کُن میچ میں پاکستان نے 22 سال بعد آسٹریلیا کو اس کے ہوم گراؤنڈ میں شکست دے کر سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی ہے۔پرتھ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے 140 رنز کا ہدف 27ویں اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان نے 2002 میں وقار یونس کی قیادت میں آسٹریلیا کو اس کی سرزمین پر ون ڈے سیریز میں دو، ایک سے شکست دی تھی۔ پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف تاریخی فتح کے بعد سوشل میڈیا صارفین دلچسپ آرا کا اظہار کر رہے ہیں۔سماجی ربطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر شاکر عباسی نے پاکستان ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا ’ہم نے 22 سالوں تک اس لمحے کا انتظار کیا، آسٹریلیا کو آسٹریلیا میں شکست دینے کا مزہ ہی کچھ اور ہے۔‘
حسن نامی صارف نے لکھا ’22 سالوں بعد پاکستان کے لیے کیا شاندار فتح تھی۔‘
تحسین احمد نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ’انڈیا کو اسی لیے چیمپئن ٹرافی میں ڈر لگ رہا ہے، پڑوسیو آپ کا دکھ سمجھ سکتے ہیں۔‘
الون ان میلن نامی اکاؤنٹ کی جانب بابر اعظم اور حارث رؤف کا فوٹو شیئر کرتے ہوئے لکھا گیا ’میری کپتانی میں 90، 90 سکور کیا کرتے تھے۔‘
محمد آصف نامی اکاؤنٹ کی جانب سے لکھا گیا ’مولانا رضوان صاحب پورے 22 سال بعد جیت دلانے کا شکریہ۔‘
ابرار صفدر نے پاکستان کی جیت کے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ’میکس ویل کے کریز پر آتے ہی حارث راؤف وقار یونس بن گئے۔‘