کرم میں ڈپٹی کمشنر پر فائرنگ کرنے والے حملہ آوروں کی شناخت ہوگئی

image

کرم میں ڈپٹی کمشنر کرم پر 5 حملہ آروں کی شناخت کر لی گئی۔ جس کے بعد کے پی حکومت نے پانچوں ملزمان اور سہولت کاروں کو فوری گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ دہشتگردوں کے سروں کی قیمت مقرر کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق ڈی سی کرم پر حملہ کرنے والے 5 افراد کی شناخت ہوگئی ہے اس سے قبل وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت کرم کی صورتحال پر رات گئے ہنگامی اجلاس ہوا جس میں چیف سیکرٹری، آئی جی خیبر پختونخوا اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ امن معاہدے کے بعد علاقہ مکین معاہدے کی خلاف ورزی کے ذمہ دار ہیں، فائرنگ کے واقعے میں ملوث تمام افراد کے خلاف ایف آئی آردرج کرکے فوری گرفتار کیا جائے گا۔

اجلاس میں دہشتگردوں کا پوری قوت سے قلع قمع کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور کہا گیاکہ کسی دہشت گرد سے نہ رعایت کی جائے گی نہ اُن کی معاونت کرنے والوں کو چھوڑا جائے گا۔

سرکاری زرائع کے مطابق حملہ آوروں کے ساتھ سہولت کار بھی ملوث ہیں، جن کے خلاف مقدمہ درج کر کے گرفتاری اور قانونی کارروائی کی جائے گی۔

 سرکاری زرائع کے مطابق ملزمان کی تعداد 5 ہے جبکہ ملزمان کے علاوہ سہولت کار بھی ملوث ہیں، اس حوالے سے کوہاٹ میں آج اتوار کے روز اہم سیکیورٹی اجلاس منعقد ہوگا، جس کی صدارت آئی جی پی کریں گے، آر پی او اور ڈی پی او بھی اجلاس میں شرکت کرینگے۔

علاوہ ازایں چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ندیم اسلم چوہدری بھی آج کوہاٹ کا دورہ کریں گے، اہلیان علاقہ اور جرگہ مشران سے بھی ملزمان کی گرفتاری میں مدد لی جائے گی۔

خیال رہے کہ آج صبح لوئر کرم کے علاقے بگن میں نامعلوم شرپسندوں کی فائرنگ سے ڈی سی کرم سمیت سات افراد زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد کرم کیلئے تین ماہ بعد کھانے پینے کا سامان لے جانے والا قافلہ روک دیا گیا تھا۔

 

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.