’ہمیشہ غلط وقت پر آؤٹ ہو جاتا ہوں‘

کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران محمد رضوان اور سلمان آغا کے درمیان شراکت 88 رنز کو پہنچ چکی تھی اور یہ ایک اچھا موقع تھا کہ اننگز سے شکست کا خطرہ ٹال کر پاکستان یہ ٹیسٹ میچ پانچویں روز تک لے جائے۔ مگر اسی دوران اپنی نصف سنچری کے قریب محمد رضوان نے وہ کیا جس کی شائقین کو امید نہ تھی۔
رضوان
Getty Images

کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران محمد رضوان اور سلمان آغا کے درمیان شراکت 88 رنز کو پہنچ چکی تھی اور یہ ایک اچھا موقع تھا کہ اننگز سے شکست کا خطرہ ٹال کر پاکستان یہ ٹیسٹ میچ پانچویں روز تک لے جائے۔

مگر اسی دوران اپنی نصف سنچری کے قریب محمد رضوان نے وہ کیا جس کی شائقین کو امید نہ تھی۔

انھوں نے کیشو مہاراج کی گیند پر قدم بڑھا کر ایک ڈرائیو کھیلی اور کوور فیلڈر کپتان باووما کو اپنی وکٹ تھما کر چلے گئے۔

ان کے جانے کے بعد پاکستان نے اننگز سے شکست کا خطرہ جیسے تیسے ٹال لیا مگر آخری ٹیسٹ میں میزبان جنوبی افریقہ کو محض 58 رنز کا ہدف دیا۔

جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں 615 رنز بنائے تھے اور پاکستان کو 194 پر آؤٹ کر کے فالو آن کے ذریعے دوبارہ بیٹنگ کرائی۔ پاکستان نے دوسری بار بیٹنگ کرتے ہوئے بہتر کارکردگی دکھائی اور اننگز سے شکست کے امکان کو ختم کیا۔

پاکستانی ٹیم دوسری بار کھیلتے ہوئے 478 رنز بنا پائی جس میں شان مسعود کے کلیدی 145 رنز شامل ہیں جبکہ ان کے ساتھ ڈبل سنچری شراکت قائم کرنے والے بابر اعظم کے 81 رنز بنائے۔ بابر تیسرے روز کے اختتام کے قریب اپنی وکٹ گنوا بیٹھے تھے۔

جنوبی افریقہ کو پہلے ہی اس سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

چوتھے روز کپتان شان مسعود 145 رنز بنا کر ماپھاکا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ ان کے بعد مڈل اور لوئر مڈل آرڈر میں کوئی بھی بلے باز نصف سنچری کے سکور تک نہ پہنچ سکا۔ محمد رضوان اور سلمان آغا دونوں نصف سنچری کے قریب آؤٹ ہوگئے۔

سلمان آغا نے 48 رنز بنائے مگر مہاراج کی گیند پر مارکرم نے سلپ پر ان کا ایک مشکل کیچ پکڑا۔ عامر جمال نے 34 رنز بنائے مگر وہ بھی مہاراج کا شکار ہوئے۔

جنوبی افریقہ کے بولرز نے بابر اعظم اور شان مسعود کے درمیان ڈبل سنچری شراکت کے بعد میچ پر اپنی گرفت دوبارہ مضبوط کی۔

مہاراج اور رباڈا نے تین، تین جبکہ جینسن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

یاد رہے کہ پہلی اننگز کے دوران اینکل فریکچر کے باعث صائم ایوب میچ سے باہر ہوگئے تھے اور وہ دونوں اننگز میں بیٹنگ نہیں کر پائے۔ ان کی جگہ شان مسعود اور بابر اعظم نے اوپننگ کی۔

جنوبی افریقہ، پاکستان
Getty Images

’غلط وقت پر‘ آؤٹ ہونے والے رضوان پر تنقید

محمد رضوان سے اس میچ میں توقع کی جا رہی تھی کہ وہ سلمان آغا کے ساتھ مل کر پاکستان کو میچ میں واپسی کا موقع فراہم کریں گے۔

تاہم وہ ایک غلط شاٹ کے نتیجے میں 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

شائقین نے پہلی اننگز کے دوران ان کی بیٹنگ پر بھی تنقید کی تھی جب وہ 46 رنز پر جارحانہ شاٹ کھیلنے کی کوشش کرتے ہوئے مولڈر کی گیند پر بولڈ ہوئے تھے۔

بعض شائقین نے اس جانب اشارہ کیا کہ رضوان اپنے ٹیسٹ کیریئر میں 40 رنز پر کھیلتے ہوئے نو مرتبہ آؤٹ ہوئے ہیں۔ گذشتہ 10 میں سے تین اننگز کے دوران وہ 40 اور 50 رنز کے بیچ آؤٹ ہوئے۔

کرکٹ فینز نے رضوان کے یوں آؤٹ ہونے کے لیے 'سافٹ ڈسمسسل' (یعنی آسانی سے آؤٹ ہو جانا) کی اصطلاح استعمال کی ہے۔

صارف حیدر عباس نے غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رضوان 'ٹی ٹوئنٹی میں اٹیک نہیں کرتے جب آپ چاہتے ہیں اور ٹیسٹ میچوں میں غیر ضروری اٹیک کرتے ہیں۔'

عروج جاوید نامی صارف نے طنز کیا کہ 'ہمیشہ غلط وقت پر آؤٹ ہوجاتا ہوں۔'

تاہم عرفہ فیروز ذکی نے ان کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ 'رضوان اور بابر پاکستانی کرکٹ ٹیم کی ناکامی کی واحد وجہ نہیں۔'


News Source

مزید خبریں

BBC
مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.