بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے کوئی دباؤ نہیں: خواجہ آصف

image

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی رہائی کے لیے کوئی دباؤ نہیں، پی ٹی آئی کا ملک کو نقصان پہنچانے کا ہر حربہ ناکام ہوا، معاشی اشاریے آج بہتر ہوتے جا رہے ہیں۔

سیالکوٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے واضح کیا کہ حکومت کی جانب سے عمران خان کو جیل سے بنی گالہ یا کہیں اور منتقل کرنے کی کوئی پیشکش نہیں کی گئی، اس حوالے سے پی ٹی آئی کے دعوے میں کوئی صداقت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی رہائی عدالتوں کے فیصلوں پر منحصر ہے، میں عدلیہ سے تعلق رکھتا ہوں نہ جوتشی ہوں کہ کوئی پیشگوئی کر سکوں، حکومت کی کوشش ہے کسی طرح سیاسی استحکام لایا جائے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان کو نظر بند کرنے یا کہیں اور منتقل کرنے کے حوالے سے دعوے پی ٹی آئی والے خود ہی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک موجود پاکستانیوں کی دعائیں رنگ لے آئیں اور یورپ کے لیے پروازیں بحال ہوئی ہیں، فلائٹس کی تعداد بتدریج بڑھائی جائے گی، برطانیہ کے لیے بھی جلد پروازیں چلائی جائیں گی، شمالی امریکا تک یہ سلسلہ شروع کریں گے، 19 یورپی شہروں تک فلائٹس آپریٹ کی جائیں گی۔

وزیر دفاع نے کہا کہ سیالکوٹ میں جو پیداوار ہوتی ہے برآمد کی جاتی ہے، اس شہر کو ’بانڈڈ سٹی‘ قرار دیا جانا چاہیے، یہاں بزنس کمیونٹی نے ایئرپورٹ بنایا، شہباز شریف نے بطور وزیر اعلیٰ اور نواز شریف نے بطور وزیراعظم سیالکوٹ کے لیے قابل فخر کردار ادا کیا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.