سعودی عرب کے ساتھ حج 2025 کا معاہدہ طے، ایک لاکھ 79 ہزار سے زیادہ پاکستانی جائیں گے

image
سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان حج 2025 کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔

پیر کو وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ اور پاکستان کے وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین نے معاہدے پر دستخط کیے۔

معاہدے کے تحت ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی رواں برس فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے جائیں گے۔

معاہدے میں عازمین حج کو بہترین سہولتیں فراہم کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

معاہدے کے مطابق پاکستانی حجاج کو منیٰ میں کم قیمت پر خصوصی جگہ فراہم کی جائے گی۔

سعودی وزیر حج نے پاکستانی عازمین کو بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے۔

سفر حج کو مزید قابل رسائی، آسان اور آرام دہ بنانے کے لیے 20 سے 25 دن کا مختصر حج پروگرام متعارف کرایا گیا ہے۔ عازمین کو مدینہ منورہ میں چار سے آٹھ دن کی مدت کے لیے اپنی رہائش کا انتخاب کرنے کی سہولت ہو گی۔

معاہدے کی رو سے ہر عازم کو خصوصی طور پر ڈیزائن کیا گیا ایک بیگ ملے گا جس میں پاکستانی پرچم، شناخت کے لیے کیو آر کوڈ اور دوسری متعلقہ معلومات ہوں گی۔

اسی طرح خصوصی موبائل ایپ سے عازمین حج کے لیے تمام معلومات ان کے موبائل فونز پر دستیاب ہوں گی۔

معاہدے کے مطابق عازمین حج کو بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں گی (فائل فوٹو: ایس پی اے)

عازمین اپنے حج گروپ کی معلومات، تربیتی شیڈول، فلائٹ کی معلومات، سعودی عرب میں اپنی رہائش، ادائیگی اور دوران حج مقامات کے لائیو نقشے و لوکیشنز سے خود کو آگاہ رکھ سکیں گے۔

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین سعودی وزارت حج  کے زیراہتمام جدہ میں جاری چار روزہ بین الاقوامی حج کانفرنس اور ایکسپو میں بھی شرکت کریں گے۔

حج ایکسپو میں حجاج کو سہولتوں کی فراہمی کے ذمہ دار اداروں اور کمپنیز سے مزید معاہدے بھی کیے جائیں گے۔

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.