’قیمت 17 لاکھ، ایک چارج میں 500 کلومیٹر‘: دہلی آٹو شو میں جدید ٹیکنالوجی پر مبنی الیکٹرک گاڑیاں، رکشے اور بائیکس

انڈین دارالحکومت نئی دہلی میں ان دنوں آٹو ایکسپو 2025 جاری ہے جس میں دنیا بھر کی مختلف کار کمپنیوں نے الیکٹرک کاروں کی لانچ کے ساتھ ساتھ کانسیپٹ کاریں بھی لانچ کی ہیں جو مستقبل میں بہتر ڈرائیونگ کے تجربے کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی پر مبنی ہوں گی۔
پورش
Getty Images
دہلی آٹو ایکسپو میں کاروں کی لانچ اور نمائش جاری

انڈین دارالحکومت نئی دہلی میں ان دنوں آٹو ایکسپو 2025 جاری ہے جس میں دنیا بھر کی مختلف کار کمپنیوں نے الیکٹرک کاروں کی لانچ کے ساتھ ساتھ کانسیپٹ کاریں بھی لانچ کی ہیں جو مستقبل میں بہتر ڈرائیونگ کے تجربے کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی پر مبنی ہوں گی۔

جہاں انڈین کار کمپنی ماروتی سوزوکی اور ٹاٹا موٹرز نے کئی نئی کاریں لانچ کی ہیں وہیں چین، جنوبی کوریا اور جاپان کی بھی کاریں نظر آ رہی ہیں۔

کاروں کی یہ نمائش ’بھارت موبیلیٹی ایکسپو-2025‘ کے تحت کی جا رہی ہے۔

جمعے سے شروع ہونے والے ایکسپو میں ماروتی سوزوکی کی الیکٹرک کار ای وٹارا کی رونمائی ہوئی۔

ای وٹارا
Getty Images
ای وٹارا کی ابتدائی قیمت 17 لاکھ بتائی جا رہی ہے

یہ دو پیکڈ بیٹریوں کے ساتھ ہے اور ایک چارج میں 500 کلومیٹر سے زیادہ کا سفر طے کیا جا سکتا ہے۔ کار دیکھو ڈاٹ کام کے مطابق یہ دو ماہ بعد مارچ سے دستیاب ہو گی اور اس کی بنیادی قیمت 17 لاکھ سے شروع ہو گی۔

اس کی اہم خصوصیات میں خودکار اے سی، شیشے کی فکسڈ چھت، آگے کی ہوا دار سیٹ، 360 ڈگری کیمرہ اور ڈرائیور کی مدد کے لیے ایڈوانس سسٹم-2 شامل ہیں۔

آٹو ایکسپو میں موجود الیکٹرک وہیکل کے شعبے مسے منسلک کنسلٹینٹ محمد حفیظ نے فون پر بتایا کہ اس بار چینی کمپنیوں کی آمد بہت اہمیت کی حامل ہے۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ یہ ایکسپو ایک عرصے کے بعد دہلی میں منعقد ہو رہا ہے۔

ان کے مطابق اس میں تقریباً پانچ ہزار بین الاقوامی شرکا شرکت کر رہے ہیں۔ انڈیا نے ویزا کے قوانین میں جو نرمی کی ہے اس کی وجہ سے چینی کمپنیوں کے اہلکار اس میں شامل ہو رہے ہیں۔

بی وائی ڈی سیلین
Getty Images
بی وائی ڈی سیلین

چینی کمپنیاں

چینی کمپنی بی وائے ڈی سیلن کے پویلین میں لوگوں کی بھیڑ نظر آ رہی ہے۔ اس موقع پر کارکردگی پر مرکوز الیکٹرک ایس یو وی کی نمائش کی گئی ہے جو انڈیا میں سیلین 7 کی ابتدا ہے۔

اس کے بعد انڈیا میں فروخت ہونے والے دیگر ماڈلز کے ساتھ سیلین-7 بھی ان میں شامل ہو جائے گی۔ پہلے اس کی آٹو-3، سیل اور ای میکس 7 دستیاب تھی۔ ایچ ٹی آٹو کے مطابق یہ کاریں انڈیا میں 24 لاکھ سے 53 لاکھ کے درمیان دستیاب ہیں۔

اس کا مقابلہ ہنڈائی کی آئیونک 5، ولوو کی ایکس 40، ٹاٹا سیئرا ای وی اور ولوو کی سی 40 سے ہو گا۔

واضح رہے کہ ای وی کے لیے انڈیا میں گذشتہ روز 18 جنوری سے بکنگ شروع ہو گئی ہے۔ اسے 70 ہزار روپے پر بک کیا جا سکتا ہے جبکہ کمپنی نے انڈیا میں پہلی بار اس کے لانچ کے مد نظر اس پر 70 ہزار روپے چھوٹ کی پیشکش بھی کی ہے۔

بی وائی ڈی-7 کی فروخت 7 مارچ سے شروع ہو جائے گی اور یہ چار رنگوں میں دستیاب ہو گی۔ دو بیٹری پیک پر مبنی یہ کار ایک چارج میں 480 کلومیٹر سے زیادہ کا سفر طے کر سکے گی۔

لیکسس
Getty Images
لیکسس کار

دی انڈین ایکسپریس کے مطابق انڈیا میں آٹو ایکسپو 240 بلین ڈالر کی آٹو انڈسٹری کے لیے ایک اہم تقریب ہے جو ملک کی جی ڈی پی میں سات فیصد کا حصہ ڈالتی ہے اور جی ایس ٹی کی وصولیوں میں 14-15 فیصد، اور تجارتی سامان کی مجموعی برآمدات میں سات فیصد حصہ ڈالتی ہے۔

انڈین وزیر اعظم نریندر مودی نے اس موقعے پر سوزوکی موٹر کارپوریشن کے سابق چیئرمین اوسامو سوزوکی اور ٹاٹا کے سابق چیئر مین رتن ٹاٹا کی وراثت کو یاد کیا۔

انھوں نے کہا کہ ’متعدد عوامل ملک میں آٹو سیکٹر کی ترقی کو آگے بڑھائیں گے۔ ان میں ملک کی بڑی آبادی، بڑھتا ہوا متوسط طبقہ، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور میک ان انڈیا گاڑیاں شامل ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ ’گاڑیوں کی مانگ میں اضافہ حکومت کے بنیادی ڈھانچے کے اخراجات سے بھی ہوتا ہے۔ پچھلے سال حکومت نے بنیادی ڈھانچے کے اخراجات میں 11 لاکھ کروڑ انڈین روپے مختص کیے تھے۔ آج شاہراہوں اور ایکسپریس ویز کا جال بچھا ہوا ہے۔‘

این ڈی ٹی وی کے مطابق ہنڈائی موٹر کمپنی اور ٹی وی ایس موٹر کمپنی نے اس موقعے کا استعمال الیکٹرک تھری وھیلر اور مائیکرو فور وہیلر کی نقاب کشائی کے لیے کیا ہے۔ مزید برآں یہ برانڈز انڈین مارکیٹ میں کام کرنے کے لیے شراکت داری کے مواقع تلاش کر رہے ہیں۔

کار کے علاوہ بیٹری والے آٹو رکشوں کی بھی نمائش کی گئی ہے
Getty Images
کار کے علاوہ بیٹری والے آٹو رکشوں کی بھی نمائش کی گئی ہے

کار بنانے والی معروف کمپنی ٹویوٹا نے اربن بی ای وی کانسیپ کار کی نمائش کی ہے اور ماہرین کے مطابق ایک چارج میں یہ 500 کلومیٹر کا سفر طے کرے گی اور اس کی ڈیزائن اور خصوصیات زیادہ تر ای وٹارا کی طرح ہوگی۔

کار بنانے والے انڈین کمپنی مہندرا نے دو الیکٹرک کاروں کی نمائش کی ہے اور ایک چارج میں ان دونوں کی زیادہ سے زیادہ پہنچ 600 کلومیٹر سے زیادہ بتائی گئی ہے۔

ایک مہندرا ایکس ای یو 9 ای ہے۔ اس کی ٹیسٹ ڈرائیو شروع ہو چکی اور دوسرے اور تیسرے مرحلے کی جانچ بھی فروری کے اخیر تک مکمل ہو جائے گی۔ یہ دعوی کیا گیا ہے کہ ایک چارج میں یہ 656 کلومیٹر تک جا سکے گی۔

دوسری کار مہندرا بی ای-6 ہے۔ اس سے 682 کلومیٹر تک کا سفر طے ہو سکتا ہے اور اس کی قیمت 19 لاکھ سے 27 لاکھ کے درمیان رکھی گئی ہے۔

نمائش میں موجود کاروں میں بی ایم ڈبلیو اور مرسیڈیز سے لے کر وولوو اور پورش کی کاریں بھی ہیں۔

بائیک
Getty Images

پورش کی ٹیکین تقریباً دو کروڑ سے ڈھائی کروڑ کے درمیان ہے اور اس کے بارے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ ایک چارج میں 630 کلومیٹر تک کا سفر طے کر سکتی ہے۔ اس کے ساتھ پورش کی میکن ای وی بھی ہے جو ایک چارج میں 590 کلومیٹر تک جا سکتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ دنیا بھر میں الیکٹرک کاروں کی خریداری میں ابھی مندی نظر آ رہی ہے لیکن ایندھن کے مسئلے اور گلوبل وارمنگ کے پیش نظر الیکٹرک کاریں ہی ہمارا مستقبل ہیں اور یہی وجہ ہے کہ دہلی کے پرگتی میدانمیں جاری آٹو ایکسپو میں الیکٹرک کاروں پر زور ہے۔

اس کے علاوہ طرح طرح کی بائیکس بھی نمائش کے لیے پیش کی گئی ہیں۔


News Source

مزید خبریں

BBC
مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.