وزیراعظم شہباز شریف نے اتوار کو لاہور کے جاتی امرا میں مسلم لیگ ن کے سربراہ اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔
وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم اور نواز شریف نے دوران ملاقات مختلف شعبوں میں وفاقی حکومت کی کارکردگی اور ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔بیان کے مطابق وزیرِ اعظم پاکستان نے میاں محمد نواز شریف کو وفاقی حکومت کی معاشی کارکردگی اور اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا -ملاقات میں اپوزیشن کی طرف سے پیش کردہ تحریری مطالبات پر بھی غور کیا گیا -بیان کے مطابق محمد نواز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے۔ ’امن و امان کے قیام اور قانون کے نفاذ میں کوئی کوتاہی نہیں ہونا چاہیے اور اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات میں ملکی مفاد اور آئین پاکستان کے احترام کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔‘