اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے 6 ماہ میں قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کے 8 بین الاقوامی روٹس بحال کروا دیئے۔
پی آئی اے کے 7 روٹس پر طیاروں کی کمی کے باعث فلائٹ آپریشن معطل کیا گیا تھا۔ جبکہ اسلام آباد سے پیرس کے ایک روٹ پر ایاسا کی جانب سے پابندی عائد تھی۔ تاہم وزیر اعظم شہباز شریف کے اقدامات کے باعث 8 بین الاقوامی روٹس کو بحال کروا دیا گیا۔
قومی ایئرلائن کے اسلام آباد سے پیرس کے لیے روٹ کو 4 سال 5 ماہ بعد بحال کیا گیا۔ اور اسلام آباد سے پیرس کے لیے بوئنگ ٹرپل سیون طیارے کو آپریٹ کیا جا رہا ہے۔
بلوچستان کے ضلع تربت سے شارجہ کے لیے فلائٹ آپریشن کو 4 ماہ بعد بحال کیا گیا۔ اور تربت سے شارجہ پروازوں کے لیے طیارے کو آپریٹ کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گھوسٹ ملازمین کو نکال کر قوم کا پیسہ بچایا، وفاقی وزیر اطلاعات
تربت سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے شہر العین کے روٹ کو بھی 5 ماہ بعد بحال کروا دیا گیا۔ تربت سے العین کے دوطرفہ پروازوں کے لیے اے ٹی آر طیارے کو آپریٹ کیا جا رہا ہے۔
گوادر سے مسقط کا روٹ بھی 13 مہینوں بعد بحال کر دیا گیا۔ اس روٹ پر بھی اے ٹی آر طیارے کو آپریٹ کیا جا رہا ہے۔
کوئٹہ سے جدہ کے روٹ کو 3 سال 4 مہینوں بعد بحال کیا گیا۔ اور کوئٹہ سے جدہ کے دوطرفہ پروازوں کے لیے سی ٹی آر طیارے کو آپریٹ کیا جا رہا ہے۔ فیصل آباد سے جدہ کا روٹ بھی 3 سال 4 ماہ بعد بحال کر دیا گیا۔
فیصل آباد سے مدینہ کے لیے روٹ کو بھی 3 سال 4 مہینوں بعد بحال کروا دیا گیا۔ جبکہ لاہور سے کویت کے روٹ پر پروازیں 7 ماہ بعد بحال ہو گئیں۔