مردان: مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی سیاست نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن (ر) محمد صفدر نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کو شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی۔ نواز شریف نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا اور ملک میں موٹرویز کے منصوبے دیئے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا کو مقروض کر دیا۔ اور اگر خیبر پختونخوا میں نواز شریف کے منصوبے نکال دیں تو کچھ نہیں بچتا۔ نواز شریف بلا تفریق عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔
کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے کہا کہ مریم نواز نے ایک سال میں پنجاب کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا۔ اور اب نوازشریف کی قیادت میں پورے ملک میں تنظیم سازی کریں گے۔ خیبر پختونخوا میں ناکام حکومت کی وجہ سے عوام کی محرومیوں میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک ٹولے نے صوبے کو کرپشن کا گڑھ بنا دیا۔ اور توشہ خانہ میں لوٹ مار کرنے والے خیبر پختونخوا بھی لوٹ کر کھا گئے۔ جبکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی منفی سیاست نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا۔
یہ بھی پڑھیں: سال 2025 پی ٹی آئی کیلئے اچھا نہیں، منظور وسان کی پیشگوئی
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ مردان کے مشران نے پاکستان کے لیے قائداعظم محمد علی جناح کا ساتھ دیا۔ اور مسلم لیگ ن کے ورکرز ہر دور میں استقامت کے ساتھ کھڑے رہے۔ مسلم لیگ ن کا ہر کارکن نوازشریف کے لیے فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی بیٹی مریم نواز ملک کی خدمت کر رہی ہیں۔ جبکہ خیبرپختونخوا میں 11 سال سے کرپٹ ٹولہ مسلط ہے۔ اور خیبرپختونخوا میں کرپشن عروج پر ہے۔
محمد صفدر نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی سرکاری مشینری کو وفاق کے خلاف استعمال کیا گیا۔ خیبر پختونخوا کے بچے سیاست کے لیے استعمال ہو رہے ہیں۔