پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ صوبے کی ترقی کے لیے خیبرپختونخوا حکومت نے مائننگ کمپنی بنا لی ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے وفد نے ملاقات کی۔ علی امین گنڈاپور نے مقامی صنعتکاروں کو شعبہ کان کنی میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ صوبے کی ترقی کے لیے خیبرپختونخوا حکومت نے مائننگ کمپنی بنا لی ہے۔ اور سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو سہولیات آن لائن فراہمی کے لیے قانون لا رہے ہیں۔ اور صنعتوں کو سستی بجلی کی فراہمی کے لیے ٹرانسمیشن لائن بچھا رہے ہیں۔ چند سال میں زیر تعمیر بجلی گھروں سے تقریباً 800 میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کیساتھ کوئی رابطہ نہیں ،رمضان کے بعد بھرپور مہم چلائیں گے ، عمر ایوب
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ صنعت و تجارت کو ترقی دے کر ہی بے روزگاری پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ اور تجارتی شعبے کو فروغ دینے کے لیے نئی لیز پالیسی لا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پشاور میں بی آر ٹی کے کمرشل پلازے جون تک مکمل ہو جائیں گے۔ جبکہ پشاور میں 7 نئے انڈر پاسز جلد تعمیر کیے جائیں گے۔