بلوچستان: قلات میں خاتون کا خودکش حملہ، ایک اہلکار ہلاک

image

اہم نکاتقلات میں فرنٹیئر کور کے قافلے پر خودکش حملے میں ایک اہلکار ہلاک

پاکستان سٹاک ایکسچینج میں شدید مندی، 100 انڈیکس دو حدیں گنوا بیٹھا

آئی ایم ایف کا وفد پاکستان پہنچ گیا، آئندہ بجٹ کے لیے تجاویز دے گا

وزیراعلٰی پنجاب لیپ ٹاپ سکیم کا اعلان، i7 لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے

اسلام آباد میں بارش، ملک کے باقی علاقوں میں بھی بارش اور برف باری کا امکان

صوبہ بلوچستان کے شہر قلات میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کے قافلے پر خودکش حملے میں ایک اہلکار جان کی بازی ہار گیا جبکہ چار زخمی ہو گئے۔

حکام کے مطابق حملہ پیر کی دوپہر کو قلات کے علاقے مغلزئی کے مقام پر کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر اس وقت ہوا جب وہاں سے ایف سی 61 ونگ کے کمانڈر کا قافلہ گزر رہا تھا۔

ڈپٹی کمشنر قلات بلال شبیر کے مطابق ’دھماکا خودکش تھا جو ایک خاتون خودکش حملہ آور نے کیا۔‘

انہوں نے دھماکے میں ایک اہلکار کی ہلاکت اور چار کے زخمی ہونے کی تصدیق کی اور بتایا کہ حملے میں ونگ کمانڈر محفوظ رہے۔

ایف سی ذرائع کے مطابق زخمیوں میں ایک کی حالت تشویش ناک ہے۔

برطانوی ہائی کمشنر کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات، شاہ چارلس سوم کو دورۂ پاکستان کی دعوت

وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر نے ملاقات کی ہے۔

وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے پیر کو وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے شاہ چارلس سوم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کی مکمل صحت یابی کی خواہش کی۔

انہوں نے شاہ چارلس سوم کو پاکستان کا دورے کی دعوت کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں ہونے والی پیش رفت پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔

عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ اور یوکرین میں دیرپا امن کے قیام کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط بنانے اور پاکستان میں شراکت جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔

سٹاک ایکسچینج میں شدید مندی، سرمایہ کاروں کی توجہ آئی ایم ایف کے جائزے پر 

پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز شدید مندی دیکھنے میں آئی اور 100 انڈیکس دو حدیں گنوا بیٹھا۔

پیر کو مارکیٹ 1264 پوائنٹس کی کمی سے ایک لاکھ 11 ہزار 986 پر بند ہوئی جبکہ جمعے کو مارکیٹ 532 پوائنٹس کی کمی کے بعد ایک لاکھ 13 ہزار 251 پر بند ہوئی تھی۔

سٹاک مارکیٹ میں مندی کے حوالے سے مقامی میڈیا کے مطابق چیس سکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ یوسف نے کہا کہ ’آج رمضان کے پہلے دن صرف 18 ارب روپے کے حصص کا کاروبار ہوا، کیونکہ تجارتی اوقات میں کمی کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں کم رہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کی توجہ اب آنے والے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے جائزے پر مرکوز ہے۔

ن لیگ نے ریاست کے لیے اپنی سیاست قربان کر دی: وزیر اطلاعات

وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ہم نے ریاست کے لیے اپنی سیاست قربان کر دی۔

پیر کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چار مارچ 2025 کو مسلم لیگ ن کی مخلوط حکومت کا ایک برس مکمل ہو جائے گا، شہباز شریف نے چار مارچ 2024 کو اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ملک کی سمت کے حوالے سے بہت سی قیاس آرائیاں چل رہی تھیں، بہت سے لوگوں نے شرطیں لگا رکھی تھیں کہ معیشت نہیں سنبھلے گی، ملک ڈیفالٹ کے دھانے پر ہے۔

’ایک سیاسی جماعت نے پاکستان کے خلاف آئی ایم ایف کو خطوط لکھے، لیکن کچھ چیزیں سیاست سے بالاتر ہوتی ہیں، ہم نے ریاست کے لیے اپنی سیاست قربان کر دی۔‘

سعودی سفیر کی نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ملاقات، تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار

سعودی عرب کے پاکستان میں سفیر نواف بن سعید المالکی نے پیر کو نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی ہے۔

وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق سعودی سفیر اور اسحاق ڈار نے ملاقات میں تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں سمیت دونوں ممالک کے درمیان موجودہ گہرے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

سفیر نے نائب وزیراعظم اور پاکستانی عوام کو رمضان کی مبارک باد دی۔ جبکہ اسحاق ڈار نے بھی سعودی عرب کی قیادت اور عوام کو مبارک باد دی۔

عدالت سے غیرحاضری، عمر ایوب سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے کیس میں پی ٹی آئی رہنماؤں عمر ایوب، عامر ڈوگر اور عامر مغل کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔

پیر کو جوڈیشل مجسٹریٹ شہزاد خان کی عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، عمر ایوب اور دیگر کے خلاف مقدمات کی سماعت ہوئی۔

دورانِ سماعت عدالت نے غیرحاضری پر عمر ایوب، عامر ڈوگر اور عامر مغل کے وارنٹ جاری کر دیے، جبکہ بیرسٹر گوہر اور شعیب شاہین کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی گئی۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت 23 اپریل تک ملتوی کر دی۔ یاد رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور دیگر کے خلاف تھانہ آئی-9 میں دو مقدمات درج ہیں۔

آئی ایم ایف کا وفد اقتصادی جائزے کے لیے پاکستان پہنچ گیا

انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کا وفد اقتصادی جائزے کے لیے پاکستان پہنچ گیا ہے جو آئندہ مالی سال 26-2025 بجٹ کے لیے تجاویز دے گا۔

وزارت خزانہ کے حکام کے مطابق آئی ایم ایف کے ساتھ اقتصادی جائزہ مذاکرات 15 مارچ تک جاری رہیں گے۔ پہلے مرحلے میں تکنیکی اور دوسرے مرحلے میں پالیسی سطح کے مذاکرات ہوں گے۔

آئی ایم ایف وفد کے وزارت خزانہ، وزارت توانائی، منصوبہ بندی، سٹیٹ بنک، ایف بی آر، اوگرا، نیپرا سمیت دیگر اداروں اور وزارتوں کے ساتھ مذاکرات ہوں گے۔ جبکہ چاروں صوبائی حکومتوں سے بھی الگ الگ مذاکرات ہوں گے۔

وزیراعلٰی پنجاب لیپ ٹاپ سکیم کا اعلان، ایک لاکھ سے زائد طلبہ میں تقسیم ہوں گے

صوبہ پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے وزیراعلٰی پنجاب لیپ ٹاپ سکیم کا اعلان کر دیا ہے۔

پیر کو انہوں نے سکیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلٰی پنجاب لیپ ٹاپ سکیم کے تحت ایک لاکھ 10 ہزار طلبہ میں جدید لیپ ٹاپ کی تقسیم کیے جائیں گے۔

’سکیم کے لیے پبلک سیکٹر کے تعلیمی اداروں کے بی ایس کے پہلے اور دوسرے سمسٹر کے طلبہ اپلائی کر سکیں گے۔‘

وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ طلبہ کو جنریشن 13 کے جدید ترین کور i7 لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے۔ آن لائن درخواست کے لیے آفیشل لنک مشتہر کر دیا گیا جو کہ تمام معلومات کے ساتھ پنجاب ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی ویب سائٹ پر بھی موجود ہے۔

اسلام آباد میں بارش، ملک کے باقی حصوں میں بھی بادل برسنے کا امکان

پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے جبکہ ملک کے باقی علاقوں میں بھی بارش کے امکانات ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا میں پشاور، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، بٹگرام، ایبٹ آباد، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم اور وزیرستان میں بارش اور برف باری کا امکان ہے۔

صوبہ پنجاب میں راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گجرانوالہ،لاہور، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، شیخوپورہ، حافظ آباد، فیصل آباد اور جھنگ میں بارش کا امکان ہے۔

صوبہ بلوچستان میں کوئٹہ، زیارت، چمن، مستونگ، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، ہرنائی، ژوب اور شیرانی میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔

تاہم صوبہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.