جنوبی افریقہ کی ڈومیسٹک ٹیم کا 43 اوورز میں 440 سکور، یہ کون سی کرکٹ ہے؟

image

جنوبی افریقہ کے ڈومیسٹک ون ڈے ٹورنامنٹ کے میچ میں ٹائٹنز کی ٹیم نے 43 اوورز میں 440 رنز بنا کر اپنا دوسرا ریکارڈ قائم کر دیا۔

وزڈن کے مطابق کرکٹ ساؤتھ افریقہ (سی ایس اے) کے پروفیشنل ون ڈے کپ میں دو مارچ کو کھیلے گئے میچ میں ٹائٹنز نے نارتھ ویسٹ واریرز کے خلاف 43 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 440 رنز بنائے۔

سینچورین میں کھیلے گئے بارش سے متاثرہ میچ میں اننگز کو 43 اوورز تک محدود کر دیا گیا جس کے بعد ٹائٹنز کے اوپنر لہوان ڈرے پریٹوریس نے اپنی ٹیم کی جانب سے 61 گیندوں پر تیز ترین سینچری سکور کی۔

اس کے علاوہ ٹائٹنز کی جانب سے رِوالڈو مون سیمی نے 126، ڈیوالڈ بریوس نے 76 جبکہ کپتان نیل برینڈ نے 55 رنز بنائے۔

اس کے جواب میں واریرز کی ٹیم 37 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز ہی بنا سکی۔

ٹائٹنز کی ٹیم جنوبی افریقہ کی لسٹ اے کرکٹ میں ایک اننگز میں سب سے زیادہ رنز بنانے کے ریکارڈ سے 13 رنز دور رہی۔

اس سے قبل جنوبی افریقہ کی لسٹ اے کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بھی ٹائٹنز کے ہی پاس ہے، جنہوں نے 2022 میں نارتھ ویسٹ کے خلاف 50 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 453 رنز بنا کر قائم کیا تھا۔

خیال رہے کہ لسٹ اے کرکٹ ڈومیسٹک ون ڈے کرکٹ کو کہا جاتا ہے۔

اگر لسٹ اے کرکٹ میں ایک اننگز میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ دیکھا جائے تو یہ ریکارڈ تمل ناڈو کے پاس ہے جنہوں نے 23-2022 کے سیزن میں اروناچل پردیش کے خلاف 50 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 506 رنز بنائے تھے۔

اسی طرح انگلینڈ نے نیدرلینڈز کے خلاف 4 وکٹوں کے نقصان پر 498 رنز بنائے، جو کے دوسرا بڑا ٹوٹل ہے۔

سنہ 2007 میں انگلش کاؤنٹی کلب سرے نے گلوسسٹرشائر کے خلاف 50 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 496 رنز بنائے تھے جو کے لسٹ اے کرکٹ کا تیسرا بڑا سکور ہے۔

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.