اہم نکات:
جعفر ایکسپریس حملہ، ’میرے استعفے سے معاملہ حل ہوتا ہے تو میں تیار ہوں‘
سکیورٹی خدشات، جنوبی وزیرستان کے دونوں اضلاع میں کرفیو کا نفاذ
ریاستی اداروں کے خلاف ’نفرت انگیز مہم‘ چلانے والا ملزم بنی گالا سے گرفتار
اوورسیز پاکستانیوں کے لیے خصوصی بینچ کا قیام اہم پیش رفت: وفاقی وزیر
غیرملکیوں اور افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کو 31 مارچ تک ملک چھوڑنے کا حکم
عدالت نے بحریہ ٹاؤن کے مالک سمیت تمام ملزمان کو طلب کر لیا: نیبقومی ادارۂ احتساب (نیب) نے کہا ہے کہ بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض احمد اور دیگر افراد کے خلاف نیب نے اسلام آباد اور کراچی کی احتساب عدالتوں میں ان ملزمان کے خلاف کئی ریفرنسز دائر کر دیے ہیں اور مذکورہ عدالتوں نے تمام ملزمان کو طلب کر لیا ہے۔پیر کو نیب کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اس کے پاس مالک ملک ریاض احمد اور دیگر افراد کے خلاف دھوکہ دہی اور فراڈ کے کئی مقدمات زیر تفتیش ہیں۔مزید کہا گیا کہ ’حالیہ کارروایئوں میں بحریہ ٹاؤن کی کراچی، لاہور، تخت پڑی، نیو مری (گالف سٹی) اور اسلام آباد میں موجود لاتعداد کمرشل اور رہائشی جائیدادوں کو سربمہر کر دیا گیا ہے۔ اور سینکڑوں بنک اکاؤنٹس اور گاڑیوں کو بھی منجمد کر دیا گیا ہے۔جعفر ایکسپریس حملہ، ’میرے استعفے سے معاملہ حل ہوتا ہے تو میں تیار ہوں‘وزیر دفاع خواجہ آصف نے جعفر ایکسپریس واقعے پر اپوزیشن کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’اگر میرے استعفے سے معاملہ حل ہوتا ہے تو میں تیار ہوں۔‘پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا نے سوال کیا کہ اپوزیشن سکیورٹی ناکامی کی ذمہ دار آپ کو قرار دے کر استعفے کا مطالبہ کر رہی ہے۔واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے گذشتہ اجلاس میں پی ٹی آئی کے رہنما اسد قیصر نے خواجہ آصف کی تقریر پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’وزیر دفاع نے دہشت گردی کے حوالے سے لائحہ عمل دینے کے بجائے پی ٹی آئی پر تنقید کی، اگر ان میں تھوڑی سی بھی شرم ہوتی تو استعفیٰ دے دیتے۔‘ریاستی اداروں کے خلاف ’نفرت انگیز مہم‘ چلانے والا ملزم بنی گالا سے گرفتارایف آئی اے کے سائبر کرائم سرکل اسلام آباد نے کارروائی کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز مہم چلانے والے ملزم کو بنی گالا اسلام آباد گرفتار کرلیا۔ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت حیدر سعید کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم نے سانحہ جعفر ایکسپریس کے دوران اداروں کے خلاف منفی پروپیگنڈا اور تضحیک آمیز مواد شیئر کیا۔مزید کہا گیا کہ ملزم سوشل میڈیا پر کالعدم دہشت گرد تنظیموں کی حمایت اور اس کی تشہیر کرنے میں بھی ملوث پایا گیا۔سکیورٹی خدشات، جنوبی وزیرستان کے دونوں اضلاع میں کرفیو کا نفاذجنوبی وزیرستان کے دونوں اضلاع میں آج 17 مارچ سے کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے جو صبح 6 سے شام 6 بجے تک رہے گا۔ضلع ٹانک کے ڈپٹی کمشنر کی طرف سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق 17 مارچ 2025 کو ٹانک اور جنوبی وزیرستان کے مندرجہ ذیل علاقوں کوڑ قلعہ، منزئی، خرگئی، احمد وام اور جنڈولہ میں صبح 6 سے شام 6 بجے تک کرفیو نافذ رہے گا۔مزید کہا گیا کہ اس دوران ان راستوں پر ہر قسم کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی ہوگی۔ مسافروں سے درخواست ہے کہ متبادل راستے اختیار کریں۔ وانا براستہ گومل، گڑداوی ٹریفک کے لیے کھلا رہے گا۔اوورسیز پاکستانیوں کے لیے خصوصی بینچ کے قیام اہم پیش رفت: چوہدری سالک حسینوفاقی وزیر سمندر پار پاکستانی و ترقی انسانی وسائل چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جائیداد کے تنازعات کے قانونی حل کے لیے خصوصی بینچ کا قیام ایک اہم پیش رفت ہے۔پیر کو وزارت سمندر پار پاکستانی و ترقی انسانی وسائل کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ اقدام بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے قانونی مسائل کے فوری اور موثر حل کو یقینی بنانے کی جانب ایک اہم قدم کی نمائندگی کرتا ہے۔چوہدری سالک حسین نے کہا کہ خصوصی بینچ میں پیش کیے جانے والے مقدمات کو 90 دنوں کے اندر حل کیا جائے گا۔ جس سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش قانونی رکاوٹوں پر قابو پایا جا سکے گا۔
پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اجلاس منگل کو طلب
پاکستان کی قومی اسمبلی کے سپیکر ایاز صادق نے ملک میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے تناظر میں پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا ان کیمرا اجلاس منگل کو طلب کر لیا ہے۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق اجلاس قومی اسمبلی کے سپیکر ایاز صادق نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر طلب کیا ہے۔
قومی اسمبلی ہال میں کل صبح 11 بجے طلب کیے گئے بند کمرے کے اجلاس میں عسکری قیادت ملک کی موجودہ سکیورٹی صورتحال پر پارلیمانی کمیٹی کو بریفنگ دے گی۔
اجلاس میں کابینہ کے اراکین سمیت پارلیمنٹ میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی رہنما اور ان کے نامزد نمائندے شرکت کریں گے۔
سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈے کا معاملہ، پی ٹی آئی کے 16 رہنما دوبارہ طلبجے آئی ٹی نے منفی پروپیگنڈے میں ملوث ہونے کے الزام میں پی ٹی آئی کے 16 رہنماؤں کو کل دوبارہ طلب کر لیا ہے۔سرکاری نیوز چینل پی ٹی وی کے مطابق ان افراد کو 18 مارچ کو جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کے نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔جن 16 افراد کو جے آئی ٹی نے طلب کیا ہے ان میں سید فردوس شمیم نقوی، محمد خالد خورشید خان، میاں محمد اسلم اقبال، محمد حماد اظہر شامل ہیں، ان کے علاوہ عون عباس، محمد شہباز شبیر ،وقاص اکرم اور تیمور سلیم خان بھی شامل ہیں۔صبغت اللہ ورک، اظہر مشوانی، محمد نعمان افضل، جبران الیاس، سلمان رضا، ذلفی بخاری، موسیٰ ورک اور علی ملک کو بھی طلبی کا نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔غیرملکیوں اور افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کو 31 مارچ تک ملک چھوڑنے کا حکمافغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز سمیت غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو 31 مارچ تک ملک چھوڑنے کا حکم دیا گیا ہے۔سرکاری نیوز چینل پی ٹی وی کے مطابق رضاکارانہ واپسی میں 15 دن باقی ہیں۔ اس دوران کسی سے بدسلوکی نہیں کی جائے گی۔ مقررہ تاریخ کے بعد متعلقہ افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔واضح رہے کہ 2023 میں پاکستان کی حکومت نے افغان شہریوں کو واپس افغانستان بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد ان کی مرحلہ وار واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ٹی20 میچ کلقومی سکواڈ کرائسٹ چرچ سے ڈونیڈن پہنچ گیا ہے اور پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ٹی20 میچ کل 18 مارچ کو ہوگا۔پی سی بی کی طرف سے جاری بیان کے مطابق قومی ٹیم آج آرام کرے گی اور میچ مقامی وقت کے مطابق 2 بج کر 15 منٹ پر شروع ہوگا۔نیوزی لینڈ نے پہلے ٹی20 میچ میں پاکستان میں 9 وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔ اتوار کو کرائسٹ چرچ میں پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان کی پوری ٹیم 91 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔