ایشین ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ فائنل: ارشد ندیم نے جیولن تھرو میں گولڈ میڈل جیت لیا

image

جنوبی کوریا میں منعقد ہونے والے ایشین ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ کے فائنل میں پاکستان کے سٹار ایتھلیٹ ارشد ندیم نے جیولن تھرو میں گولڈ میڈل جیت لیا۔

سنیچر کو ہونے والے مقابلے میں ارشد ندیم نے 86.34 میٹر کی تھرو کے ساتھ جیولن تھرو کا فائنل اپنے نام کر لیا۔

انڈیا کے یش دیر سنگھ نے 85.16 میٹر کی تھرو کے ساتھ چاندی کا تمغہ جیتا جبکہ جاپان کے یوتا ساکی یاما نے 83.75 میٹر کی تھرو کے ساتھ  برونز میڈل اپنے نام کیا۔

ارشد ندیم نے پہلی کوشش میں 75.64، دوسری کوشش میں 76.80 میٹر کی تھرو پھینکی جبکہ تیسری کوشش میں 85.57 میٹر کی تھرو کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر آ گئے تھے۔

ارشد ندیم کے علاوہ پاکستان سے ہی تعلق رکھنے والے محمد یاسر نے بھی  جیولن تھرو کے فائنل مقابلے میں حصہ لیا۔

محمد یاسر نے پہلی کوشش میں 70.53، دوسری کوشش میں 75.39 جبکہ تیسری کوشش میں 75.50 میٹر کی تھرو کی۔

جیولن تھرو کے فائنل مقابلے میں محمد یاسر کی آٹھویں پوزیشن رہی۔

جمعے کو ارشد ندیم نے اپنی پہلی ہی باری میں 86.34 میٹر کی تھرو کے ساتھ فائنل میں جگہ بنا لی تھی۔

اس مقابلے سے قبل ارشد ندیم نے ایک پیغام میں اپنی کامیابی کے لیے قوم سے دعاؤں کی درخواست کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ’یہ پیرس اولمپکس کے بعد میرا پہلا مقابلہ ہے۔ برائے کرم دعا کریں کہ میں فائنل کے لیے کوالیفائی کر لوں۔‘

’میرے لیے دعا کریں کہ میں اچھی کارکردگی دکھاتے ہوئے پاکستان کے لیے میڈل جیت سکوں۔‘

خیال رہے کہ ارشد ندیم نے گذشتہ برس پیرس اولمپکس میں طویل ترین جیولن تھرو کا نیا ریکارڈ قائم کیا تھا اور سونے کا تمغہ جیتا تھا۔

ارشد ندیم کی فتح اس لیے بھی زیادہ متاثر کن ہے کیونکہ وہ پنجاب کے ایک گاؤں میں کچے اینٹوں کے مکان میں پیدا ہوئے اور وہیں ان کی پرورش ہوئی۔ انہوں نے خود سے تیار کیے جیولن سے گندم کے کھیتوں میں تربیت حاصل کی۔

ان کی اس کامیابی پر انہیں پاکستان کے دوسرے سب سے بڑے سول ایوارڈ ہلال امتیاز سے نوازا گیا۔

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.