اسرائیلی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ جمعہ کی صبح ایران کی طرف سے داغے گئے ایک بیلسٹک میزائل نے جنوبی اسرائیل کے نیگیو میں واقع بیر شیبہ میں املاک کو نقصان پہنچایا ہے۔ دوسری جانب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران اسرائیل تنازع میں شامل ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ دو ہفتوں میں کرنے کا اعلان کیا ہے۔
- وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولائن لیوٹ نے ایک پریس بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران اور اسرائیل تنازع میں شامل ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ آئندہ دو ہفتوں میں کریں گے۔
- ایران کی درخواست پر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل ایران سے متعلق ایک اور ہنگامی اجلاس جمعہ کو صبح 10 بجے نیویارک میں منعقد کرے گی۔
- برطانوی سیکریٹری خارجہ ڈیوڈ لیمی جنیوا جا رہے ہیں جہاں وہ فرانس اور جرمنی کے وزرا خارجہ کے ساتھ ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی سے بھی ملاقات کریں گے۔
- برطانوی سیکریٹری خارجہ ڈیوڈ لیمی اور ان کے امریکی ہم منصب مارکو روبیو کے درمیان ملاقات کے بعد بی بی سی کو دونوں جانب سے جاری ہونے والے بیانات موصول ہو گئے ہیں۔
- آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ وہ ایران کے دارالحکومت تہران میں 'سکیورٹی کی بگڑتی ہوئی فضا' کے سبب اپنے سفارتخانے کی سرگرمیاں معطل کر رہا ہے۔
جنوبی اسرائیل میں ایرانی میزائل حملے کے باعث نقصان کی اطلاعات، ٹرمپ کا اسرائیل ایران تنازع میں شامل ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ ’دو ہفتوں میں‘