پاکستان والی بال ٹیم اے وی سی نیشنز کپ کے فائنل میں پہنچ گئی

image

پاکستان کی قومی مینز والی بال ٹیم نے بحرین میں جاری اے وی سی نیشنز کپ 2025 کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

پاکستان نے اپنی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے سیمی فائنل میں قطر کو تین صفر (0-3) سے شکست دی۔

یہ میچ پیر کے روز عیسیٰ سپورٹس سٹی ہال میں کھیلا گیا۔

یہ سیمی فائنل گزشتہ سال کے اے وی سی چیلنج کپ فائنل کا ری میچ تھا، جس میں قطر نے پاکستان کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

تاہم اس بار گرین شرٹس نے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے پہلا سیٹ 25-22 سے جیتا، جس میں جارحانہ حملے نمایاں رہے۔

دوسرے سیٹ میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا، مگر پاکستان نے ایک بار پھر 25-22 سے فتح حاصل کی۔

تیسرے اور فیصلہ کن سیٹ میں پاکستان نے 25-21 سے کامیابی حاصل کر کے سیمی فائنل میں فتح سمیٹی۔

پاکستان کی جانب سے عثمان فریاد علی اور مراد خان نمایاں کھلاڑی رہے جنہوں نے حملے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

اس سے قبل کوارٹر فائنل میں پاکستان نے انڈونیشیا کو 3-1 سے شکست دی تھی، حالانکہ ابتدائی سیٹ 20-25 سے ہارنے کے بعد ٹیم نے شاندار واپسی کرتے ہوئے اگلے تین سیٹ 25-21، 25-20 اور 25-17 سے جیتے۔

گروپ مرحلے میں پاکستان نے چائنیز تائپے اور فلپائن کو شکست دے کر ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کی تھی۔

نیشنز کپ کا فائنل کل کھیلا جائے گا، جس میں پاکستان کا مقابلہ کوریا اور میزبان بحرین کے درمیان سیمی فائنل کے فاتح سے ہوگا۔

 


News Source   News Source Text

کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.