کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ سال دوم سائنس پری انجینئرنگ گروپ کے سالانہ امتحانات 2025ء کے نتائج جاری کر دیے۔ چیئرمین بورڈ فقیر محمد لاکھو کے مطابق اس سال پوزیشنز پر طالبات کا غلبہ رہا اور پہلی پوزیشن دو طالبات نے مشترکہ طور پر حاصل کی۔
تفصیلات کے مطابق، پہلی پوزیشن عثمان پبلک اسکول کیمپس ون کی لائبہ انصاری دختر محمد عاصم عبدالعزیز (رول نمبر 219251) اور بی اے ایم ایم پی ای سی ایچ ایس گورنمنٹ کالج فار ویمن کی سیدہ عنزیلہ حیدر زیدی دختر سید عقیل حیدر زیدی (رول نمبر 221331) نے مشترکہ طور پر حاصل کی، دونوں نے 1100 میں سے 1019 نمبر لے کر اے ون گریڈ حاصل کیا۔ دوسری پوزیشن بی اے ایم ایم پی ای سی ایچ ایس گورنمنٹ کالج فار ویمن کی آئزل مرحا دختر زبیر عارف (رول نمبر 221211) کے حصے میں آئی جنہوں نے 1014 نمبر کے ساتھ اے ون گریڈ حاصل کیا۔ تیسری پوزیشن ہمدرد انٹرمیڈیٹ کالج فار سائنس اینڈ کامرس، بلاک ایچ نارتھ ناظم آباد کی حفصہ عمران دختر عمران (رول نمبر 219422) نے 1010 نمبرز لے کر اے ون گریڈ کے ساتھ حاصل کی۔
ناظم امتحانات زرینہ راشد کے مطابق، اس سال سائنس پری انجینئرنگ گروپ میں 21 ہزار 617 امیدواروں نے رجسٹریشن کروائی، جن میں سے 21 ہزار 19 نے امتحانات میں شرکت کی۔ ان میں سے 11 ہزار 547 امیدوار کامیاب قرار پائے، یوں کامیابی کا تناسب 54.94 فیصد رہا۔ کامیاب ہونے والوں میں 1035 طلبہ اے ون گریڈ، 1762 اے گریڈ، 2351 بی گریڈ، 2938 سی گریڈ، 3124 ڈی گریڈ اور 296 طلبہ ای گریڈ میں پاس ہوئے، جبکہ 41 امیدوار صرف پاسنگ مارکس حاصل کر سکے۔
نتائج بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ www.biek.edu.pk پر اپ لوڈ کر دیے گئے ہیں اور امیدوار بورڈ کی اینڈرائڈ ایپ "BIEK" کے ذریعے بھی نتائج ملاحظہ کر سکتے ہیں، جو گوگل پلے اسٹور پر دستیاب ہے۔
چیئرمین فقیر محمد لاکھو نے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے بتایا کہ تمام گروپس کے نتائج کے بعد پوزیشن ہولڈرز کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک تقریب کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں طلبہ، والدین، اساتذہ اور میڈیا نمائندوں کو مدعو کیا جائے گا۔