بورڈ آف ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن مردان نے میٹرک سالانہ امتحانات 2025 کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ مجموعی طور پر 76 ہزار 900 طلبا و طالبات نے امتحان میں شرکت کی جن میں سے 57 ہزار 880 کامیاب قرار پائے۔امتحانات میں کامیابی کا تناسب 75.27 فیصد رہا۔
نتائج کے موقع پر مردان بورڈ کے آڈیٹوریم میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں کمشنر مردان نثار احمد اور چیئرمین بورڈ پروفیسر جہانذیب نے پوزیشن ہولڈرز طلبا و طالبات میں انعامات تقسیم کئے۔
پوزیشن ہولڈرز میں دی قائداعظم پبلک اسکول مردان کے طالب علم محمد اطہر خان نے 1177 نمبر حاصل کر کے مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔
دوسری پوزیشن 1172 نمبر حاصل کرنے والی تین طالبات کے حصے میں آئی جن میں دی قائداعظم گرلز اسکول صوابی کی سدرہ احمد، غزالی اسکول مردان کی روزہ سراج اور ثانیہ فلک شامل ہیں۔
تیسری پوزیشن 1170 نمبر کے ساتھ تین طلبہ و طالبات نے مشترکہ طور پر حاصل کی۔ ان میں دی قائداعظم گرلز پبلک اسکول صوابی کی عروسہ انور، اقرا اسکول چارگلی کے خاقان احمد اور غزالی اسکول فار گرلز مردان کی اقصی رحمان شامل ہیں۔
اس موقع پر چیئرمین بورڈ پروفیسر جہان زیب نے طلبا و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محض نمبر لینا کافی نہیں اصل کامیابی مسلسل محنت کو جاری رکھنے میں ہے۔ انہوں نے طلبا و طالبات پر زور دیا کہ وہ تعلیم کو اپنا مشن بنائیں اور آگے بڑھتے رہیں۔