ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس ٹریننگ اسکول پر ہونے والے دہشتگرد حملے کو سکیورٹی فورسز نے بھرپور کارروائی کے بعد ناکام بنا دیا۔ آپریشن کے دوران 5 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا جن میں ایک خودکش بمبار بھی شامل تھا جبکہ 7 بہادر پولیس اہلکار جام شہادت نوش کر گئے۔
پولیس اور سکیورٹی فورسز نے رات گئے مشترکہ آپریشن مکمل کیا۔ حملہ گزشتہ شب تقریباً ساڑھے 8 بجے ہوا جب دہشتگردوں نے پولیس ٹریننگ اسکول کو نشانہ بنایا۔ فورسز نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کو اسکول کی حدود میں ہی گھیر لیا اور شدید مقابلے کے بعد انہیں واصل جہنم کر دیا۔
ڈی جی پبلک ریلیشنز خیبر پختونخوا کے مطابق آپریشن کے دوران تقریباً 200 پولیس ریکروٹس اور اہلکاروں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ ٹریننگ اسکول کے ساتھ موجود نادرا آفس اور تمام بلاکس کو کلیئر قرار دے دیا گیا ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق 13 زخمی اہلکاروں کو ڈی ایچ کیو اسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے پولیس ٹریننگ سینٹر پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کی اور جام شہادت نوش کرنے والے 7 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔وزیر داخلہ نے شہدا کے لواحقین سے ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔