ایم ایس او پاکستان اور روشن پاکستان

بسم اللہ الرحمن الرحیم

تحریک آزادی ہند ہو یا قیام پاکستان کی جدوجہد ،قرارداد مقاصد ہو ں یا ختم نبوت کا قانون یہ تمام کامیابیوں جمہوری اور آئینی جدوجہد کا ثمرہ ہیں،تاریخی حقیقت یہی ہے کہ حضرت شیخ الھند محمود حسن رحمہ اللہ نے تحریک ریشمی رومال اور یاغستانی تحریکوں کی ناکامی کے بعد جمہوری اور آئینی جدوجہد کو اپناتے ہوئے جمیعت علمائے ھند کی بنیاد رکھی ،جس کے تسلسل کو مفتی کفایت اللہ رحمہ اللہ اور مولانا حسین احمد مدنی رحمہ اللہ نے جاری رکھا،تحریک ختم نبوت کی کامیابی فقیہ العصر مفتی محمود رحمہ اللہ اور مولانا محمد یوسف بنوری رحمہ اللہ کی آئینی جدوجہد کا نتیجہ ہے ،ضرورت اس امرکی ہے کہ ہم نوجوانوں کو زمینی حقیقتوں اور تاریخی شعور سے مالا مال کریں اورنوجوانوں میں تاریخی ،سیاسی و دینی شعور کی بیداری پیدا کریں ، اب نوجوانوں کو جذباتیت سے نکال کر حقیقت پسندی اور تاریخی ،سیاسی اور دینی شعور کی طرف لانے کے ساتھ ساتھ تجزیہ اور مکالمہ کی طرف لانا ہوگا،مسلم سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے نصب العین کو دیکھ کر خوشی ہوئی کہ انہوں نے لادینیت کی فضا ء میں نوجوانوں کی دینی زندگی کو اپناہدف بنایااور استحکام پاکستان کے لیے جدوجہد کا آغاز کیا ،موجودہ دور میں دین بیزار تحریکوں کے مدمقابل متدین اور محب وطن نوجوان سے ہماری امیدیں وابسطہ ہیں ،پاکستان ارتقا ء کے مرحلے سے گزر رہاہے ،سی پیک کے بعد کا پاکستان ایک نیا پاکستان ہو گا ،وہ آپ نوجوانوں کا پاکستان ہے ،جس میںآزاد معیشت کے ساتھ ساتھ آزاد خارجہ پالیسی تشکیل پائے گی،اس کے لیے آپ نوجوانوں نے کردار ادا کرنا ہوگا،ان خیالات کا اظہارچیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز صاحب نے 11جنوری کو مسلم سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے یوم تاسیس کے موقع اسلام آباد میں منعقدہ مرکزی تقریب بعنوان یوم تجدید عہد و تعمیر وطن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

واضح رہے کہ ایم ایس او پاکستان کے زیر اہتمام اس پروقار تقریب سے معروف صحافی و دانشور خورشیدندیم ،ملک ریاض بنگش راہنما ANP،محسن خان ناظم اعلیٰ MSOپاکستان،صداقت علی عباسی راہنما PTI،حافظ ملک مظہرجاوید ایڈوکیٹ،ڈاکٹر محمد عرفان تحریک نوجوانان پاکستان،ڈاکٹر طاسین چیئرمین مدرسہ بورڈ،مولاناتنویرعلوی،عبدالحمید لون حریت راہنما ،مفتی شکیل،مولانا سلطان محمود ضیاء اور سردار مظہر نے خطاب کیا جب کہ طلبہ تنظیموں کے نمائندوں میں شہباز بھٹی ISF،راجہ بدر ستی PSF،محمد شبیر سیالوی یوتھ پارلیمنٹ،میاں عتیق KSF،سید وقار شاہ ATI،منیب خٹک MSOوفاقی اردو یونیورسٹی اسلام آباد،عبدالسلام,راجہ وسیم اوربلال عباسی دیگر نے خطاب کیا،جب کہ مولانا یعقوب طارق،مولانا جمیل فاروقی،مفتی زاہد منان ،مولاناایوب انصاری ،مولانا ندیم یعقوب ،مولانا ثاقب چوہدری،مفتی فیصل صدیق ،مولانا احسان الحق آزادسمیت فضلاء وعلماء کرام کی بڑی تعداد نے شرکت کی،شرکاء میں دینی وعصری تعلیمی اداروں کے طلبہ کی کثیر تعداد کے علاوہ مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد مسلم سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے یوم تاسیس کی مناسبت سے منعقد اس پروگرام میں شریف لائے ۔ جب کہ معروف صحافی خورشید ندیم نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میری نگاہ میں ایم ایس او پاکستان قابل احترام اس لیے ہے کہ یہ طبقاتی تفریق کوختم کرتے ہوئے ملاں اور مسٹر کی دو انتہاوں کو کم کرنے کی جدوجہد کررہی ہے ،مسلمان دنیا کے لیے محبت کا پیام بر ہے ،وسعت قلبی اور علم کے زیور سے آراستہ ہو کرنوجوانوں کو قیادت کے لیے تیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے،ایم ایس او پاکستان شیخ الھند کے درد دل اور افکارونظریات کی وارث ہے ،یہ محب وطن اور نظریہ پاکستان سے ہم آہنگ نوجوانوں کا مضبوط پلیٹ فارم ہے،کامیابیوں کے 16 سال مکمل ہونے پر ہماری نیک تمنائیں ایم ایس او پاکستان کے شامل حال ہیں ۔
 
پاکستان تحریک انصاف کے راہنما صداقت علی عباسی نے ایم ایس او پاکستان کی وسعت قلبی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لیے یہ بات حوصلہ افزاء ہے مسلم سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان اپنے پلیٹ فارم پر بلاتفریق مسلک وجماعت ہر کو دعوت دے کرمکالمہ کا موقع فراہم کرتی ہے ،اور موجودہ دورمیں یہی طرزعمل ہمیں ترقی عطاکرے گااور ایم ایس او پاکستان کی اس پالیسی سے مستقبل میں دور رس نتائج برآمد ہوں گے ،انہوں نے کہا کہ آج کے نوجوان کو نئے دور کے چیلنجز کا سامناہے جو یقیناًان کے لیے رول ماڈل کا متقاضی ہے ،اوررسول اللہ ﷺ واحد شخصیت ہیں جن کی اسوہ حسنہ میں ہمارے لیے راہنمائی موجود ہے ۔

حافظ ملک مظہر جاوید ایڈوکیٹ سابق ناظم اعلیٰ MSOپاکستان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایس او پاکستان کا حال عظیم و شاندار ماضی سے جوڑا ہوا ہے، ہم ایک طرف اکابرین امت کی جدوجہد اور تابندہ روایات کے امین ہیں تو دوسری طرف وطن عزیز کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کے پاسبان ہیں ،دینی و عصری تعلیمی اداروں کے طلبہ کی فکری و نظریاتی تربیت کرکے ایسے رجال کار کو تیار کرنے کی جدوجہد کررہے ہیں جو اسلامی و مشرقی اقدار کا تحفظ اور عدل انصاف کو قائم کرنے والے ہوں ،ایم ایس او پاکستان تعلیمی اداروں کے طلبہ سے اسلحہ کلچر،بے راہ روی ،فحاشی اور لادینیت کا خاتمہ کرکے ان کا رشتہ قلم و قرطاس سے جوڑ کر محب وطن شہری بنانے کی سعی کرتی ہے ۔

ناظم اعلیٰ مسلم سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان محسن خان نے یوم تجدید عہد و تعمیر وطن سیمینا ر کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو تعمیر وطن اور اسلامی و مشرقی اقدار کے فروغ کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا، اپنے طرزعمل اور انداز فکر کو تبدیل کرکے ذمہ دار طالب علم کی حیثیت سے حصول علم اور درپیش مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کریں،قیام پاکستان میں بھی طلبہ نے کلیدی کردار ادا کیا تھا اور استحکام و تعمیر پاکستان میں بھی طلبہ کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے ،انہوں نے واضح کیا کہ عدل و انصاف کے قیام تک قصور جیسے واقعات رونما ہوتے رہیں گے ۔

،اس موقع پرناظم اطلاعات شہزاد عباسی نے مسلم سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے اعراض و مقاصد اور 16سالہ خدمات کو مختصر خاکہ پیش کیا اور اعلامیہ پڑھ کر سنایا، جس میں قصورمیں رونما ہونے والے واقعہ کی پرزور مذمت کی گئی اور ملک بھر میں رونما ہونے والے ایسے دلخراش واقعات کے اسباب کے تدارک کا حکومت سے پر زور مطالبہ کیا گیا اورشہداء APSپشاور،باچا خان یونیورسٹی اورمدارس دینیہ سمیت قیام امن کے لیے قربانیاں دینے والے تمام شہید طلبہ واساتذہ کو خدمات کو خراج تحسین بھی پیش کیا گیا ،طلبہ یونینز پر پابندیوں کی پرزور مذمت کرتے ہوئے حکومت سے اپیل کی گئی کہ طلبہ میں تعمیری اور سماجی شعوربیدار کرنے اور اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے کا حق دیتے ہوئے طلبہ یونینز پر عائد پابندیوں کو اٹھایا جائے۔

Molana Tanveer Ahmad Awan
About the Author: Molana Tanveer Ahmad Awan Read More Articles by Molana Tanveer Ahmad Awan: 212 Articles with 249530 views writter in national news pepers ,teacher,wellfare and social worker... View More