ماہِ رجب المرجب کے فضائل و مسائل

قرآنِ مجید میں اﷲ تعالیٰ کا ارشاد ہے : ’’ترجمہ: جس روز سے اﷲ تعالیٰ نے زمین و آسمان کو پیدا کیا ہے اُسی روز سے اﷲ تعالیٰ کے یہاں کتاب اﷲ میں (سال بھر کے )مہینوں کی تعداد بارہ ہے ، جن میں سے چار مہینے ( رجب ، ذی قعدہ ، ذی الحجہ اور محرم الحرام) حرمت ( عظمت و بزرگی) والے ہیں ۔‘‘ (سورۂ توبہ )

ان چار مہینوں میں سے تین مہینے ( ذی قعدہ ، ذی الحجہ اور محرم الحرام) تو ایک ساتھ پے در پے آتے ہیں البتہ رجب کا مہینہ ان سے علیحدہ اور جدا گانہ طور پر ماہِ جمادی الثانی او ر ماہِ شعبان کے درمیان آتا ہے ۔حضرت عکرمہ رضی اﷲ عنہ نے حضرت ابن عباس رضی اﷲ عنہماسے روایت کی ہے کہ رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایاکہ : ’’ رجب اﷲ تعالیٰ کا مہینہ ہے اور شعبان میرا مہینہ ہے اور رمضان میری اُمت کا مہینہ ہے ۔ ‘‘حضرت موسیٰ بن عمران رحمۃ اﷲ علیہ کہتے ہیں کہ میں نے حضرت انس بن مالک رضی اﷲ عنہ کو یہ فرماتے ہوئے خود سنا ہے کہ رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ: ’’ جنت میں ایک دریا ہے جس کو ’’رجب‘‘ کہا جاتا ہے ، اس کا پانی دودھ سے زیادہ سفید اور شہد سے زیادہ میٹھا ہے ، جوشخص ماہِ رجب کا ایک روزہ رکھے گا اﷲ تعالیٰ اُس دریا کا پانی اُسے پلائے گا ۔‘‘ حضرت انس بن مالک رضی اﷲ عنہ فرماتے ہیں کہ : ’’جنت میں ایک محل ہے جس میں ماہِ رجب کے روزہ داروں کے علاوہ اور کوئی نہیں جائے گا ۔‘‘ حضرت ابوہریرۃ رضی اﷲ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ نے ارشاد فرمایاکہ : ’’جس نے ماہِ حرام (رجب) کے تین دنوں (جمعرات ، جمعہ اور ہفتہ )کے روزے رکھے تو اﷲ تعالیٰ اُس کے لئے نو سو برس کی عبادت کا ثواب لکھ دیتے ہیں۔‘‘

بعض علماء کا قول ہے کہ :’’ رجب کا مہینہ دوری (یا ظلم) کو ترک کرنے کے لئے ہے اور شعبان کا مہینہ عمل اور ایفائے عہد کے لئے ہے اور رمضان کا مہینہ صدق اور وفاء کے حصول کے لئے ہے ۔ رجب توبہ کا مہینہ ہے ، شعبان محبت کا مہینہ ہے اور رمضان قرب الٰہی کا مہینہ ہے ۔‘‘حضرت ذوالنون مصری رحمۃ اﷲ علیہ فرماتے ہیں کہ : ’’رجب مصیبتوں (گناہوں) کو ترک کرنے کے لئے ہے ، شعبان اعمال پر طاعت کرنے کے لئے ہے اور رمضان عزت بخشیوں کے انتظار کے لئے ہے ، لہٰذا جس شخص نے گناہ نہ چھوڑے ،طاعت کے کام نہ کئے اور عزت بخشیوں کا اُمید وار نہ ہوا تو وہ بے ہودہ اور خرافات میں مبتلاء ہونے والا شخص ہے ۔‘‘ نیزآپؒ نے فرمایاکہ : ’’ رجب کھیتی بونے کا مہینہ ہے ، شعبان پانی سینچنے کا مہینہ ہے اور رمضان کھیتی کاٹنے کا مہینہ ہے اور ہر شخص وہی کاٹے گا جو اُس نے بویا ہوگا کہ
گندم از گندم بروید و جو زجو
از ’’مکافاتِ عمل‘‘ غافل مشو

یعنی گندم بونے سے گندم ہی نکلتی ہے اور جو بونے سے جو ہی نکلتے ہیں ، لہٰذابندے کو مکافات عمل سے غافل نہیں رہنا چاہیے۔

امام مازنی رحمۃ اﷲ علیہ نے امام حسین رضی اﷲ عنہ کا قول نقل کیا ہے کہ : ’’ رجب کے روزے رکھا کرو! کیوں کہ اس کا روزہ اﷲ کی طرف سے (نازل کردہ) ایک قسم کی توبہ ہے۔‘‘

ایک حدیث میں آتا ہے کہ : ’’ اگر کوئی شخص ماہِ رجب میں روزانہ روزہ رکھے اور اس کے ساتھ ساتھ اپنی روزی کے ہم وزن صدقہ و خیرات بھی کرتا رہے تو اُس کے کہا ہی کہنے ؟ ( یہ لفظ حضورِ اقدس صلی اﷲ علیہ وسلم نے تین مرتبہ ارشاد فرمایا ) اس شخص کو جو ثواب دیا جائے گا اگر ساری مخلوق بھی اُس کے ثواب کا اندازہ لگاناچاہے تو اُس کے عشر عشیر ( دسویں حصے )کا بھی اندازہ نہیں لگاسکتی۔حضرت عبد اﷲ بن زبیر رضی اﷲ عنہما فرماتے ہیں کہ : ’’ماہِ رجب میں جو شخص کسی مؤمن کی سختی دُور کرے گا اﷲ تعالیٰ اس کو جنت الفردوس میں تا حد نگاہ ایک بہت بڑا محل عطا فرمائیں گے ۔ خوب سن لو ! ماہِ رجب کی عزت کیا کرو! اﷲ تعالیٰ تمہیں ہزار عزتیں نصیب فرمائیں گے ۔‘‘حضرت انس بن مالک رضی اﷲ عنہ فرماتے ہیں کہ : ’’ رجب کا مہینہ جب شروع ہوتا تو نبی اکرم صلی اﷲ علیہ یہ دُعاء فرماتے : ترجمہ: اے اﷲ! رجب اور شعبان کے مہینوں میں ہمیں برکت عطا فرما اور رمضان تک ہم کو پہنچا! ۔‘‘ حضرت ابو ذر غفاری رضی اﷲ عنہ سے مروی ہے کہ رسولِ پاک صلی اﷲ علیہ نے ارشاد فرمایاکہ : ’’جس شخص نے ماہِ رجب کا پہلا روزہ رکھا اُس ( کے ثواب) کو مہینہ بھر کے روزوں کے (ثواب کے )بقدر قرار دیا جائے گا ، اور جس شخص نے سات روزے رکھے اُس پر جہنم کے ساتوں دروازے بند کردیئے جائیں گے ، اور جس شخص نے آٹھ روزے رکھے اُس کے لئے جنت کے آٹھوں دروازے کھول دیئے جائیں گے ، اور جس شخص نے دس روزے رکھے اﷲ تعالیٰ اُس کے گناہوں کو نیکیوں سے تبدیل فرمادیں گے ، اور جس شخص نے ماہِ رجب کے اٹھارہ روزے رکھے تو ایک پکارنے والا آسمان سے پکارے گا کہ : ’’ اﷲ تعالیٰ نے تیرے پچھلے تمام گناہ معاف فرمادیئے ہیں لہٰذا اب نئے سرے سے تو عمل کرنا شروع کر دے ۔‘‘ حضرت سلامہ بن قیس رضی اﷲ عنہ فرماتے ہیں کہ رسولِ خدا صلی اﷲ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایاکہ : ’’جو شخص ماہِ رجب کے پہلے دن کا روزہ رکھے گا اﷲ تعالیٰ اُس کے ساٹھ برس کے گناہ معاف فرمادیتے ہیں ، اور جو شخص پندرہ دنوں کے روزے رکھے گا اﷲ تعالیٰ اُس کا حساب آسانی سے لیں گے اور جو ماہِ رجب کے تمام روزے رکھے گا اﷲ تعالیٰ اپنے رضا اور خوش نودی اُس کے لئے لکھ دیتے ہیں اور اُس کو عذاب نہیں دیں گے۔‘‘حضرت ابو ہریرۃرضی اﷲ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایاکہ : ’’جس شخص نے رجب کی ستائیسویں کو روزہ رکھا اُس کے لئے چھ ماہ کے روزوں کا ثواب لکھا جاتا ہے ۔‘‘ حضرت سلمان فارسی رضی اﷲ عنہ سے روایت ہے کہ حضورِ اقدس صلی اﷲ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ : ’’ رجب کے مہینہ میں ایک دن اور ایک رات ایسی ہیں کہ اگر کوئی شخص خاص اُسی دن کا روزہ رکھے اور خاص اسی رات کی عبادت کرے تو اُس کو ایک سو سال کے روزے رکھنے او ر ایک سو سال رات کی عبادت کرنے کا ثواب ملے گا اور یہ دن اور یہ رات ستائیس رجب ہیں ، اسی تاریخ کو رسول اﷲ ؐ کو نبوت عطا کی گئی۔‘‘

حضرت حسن بصری رحمۃ اﷲ علیہ فرماتے ہیں کہ حضرت ابن عباس رضی اﷲ عنہماستائیس رجب کو صبح سے ہی مسجد میں گوشہ نشین ہوکر ظہر کے وقت تک نماز میں مشغول رہتے ، ظہر کے وقت کچھ نوافل وغیرہ پڑھ کر چار رکعتیں ادا فرماتے جن کی ہر ایک رکعت میں سورۂ فاتحہ ایک بار سورۂ فلق اور سورۂ ناس ایک ایک بار ، سورۂ قدر تین بار اورسورۂ اخلاص پچاس بار پڑھتے تھے ، اس کے بعد عصر کے وقت تک دعاء میں مشغول رہتے، کیوں کہ رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم بھی ایسا ہی فرمایا کرتے تھے ۔‘‘روایت ہے کہ حضرت عمر بن عبد العزیزرحمۃ اﷲ علیہ نے حجاج بن ارطاۃ (حاکم بصرہ ) یا عدی بن ارطاۃ کو لکھا کہ : ’’سال بھر میں چار راتوں کی عبادت کا التزام رکھا کرو! کہ ان میں اﷲ تعالیٰ خاص طور پر اپنی رحمت بہاتے ہیں : رجب کی پہلی رات ، نصف شعبان کی رات ، ستائیس رمضان کی رات اور عید الفطر کی رات ۔‘‘ حضرت خالد بن معدان رحمۃ اﷲ علیہ نے فرماتے ہیں کہ : ’’سال میں پانچ راتیں ایسی ہیں کہ جو شخص اُن کے مقررکردہ ثواب کی اُمید کرکے اور مقررکردہ وعدہ کی تصدیق کرکے اُن میں پابندی سے اﷲ تعالیٰ کی عبادت کرے تو اﷲ تعالیٰ اُس شخص کو ضرورجنت میں داخل فرمائیں گے ۔ رجب کی پہلی رات اور پہلا دن ٗ رات کو نماز پڑھے اور دن کو روزہ رکھے ۔ دونوں عیدوں کی راتیں کہ ان میں عبادت تو کرے لیکن اُن کے دنوں میں روزہ نہ رکھے ۔ نصف شعبان کی رات اور اُس کا دن کہ رات میں عبادت کرے اور دن کو روزہ رکھے ۔ عاشورہ ( یعنی دس محرم ) کی رات اور اُس کا دن کہ رات کو عبادت کرے اور دن کو روزہ رکھے۔‘‘

Mufti Muhammad Waqas Rafi
About the Author: Mufti Muhammad Waqas Rafi Read More Articles by Mufti Muhammad Waqas Rafi: 188 Articles with 278847 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.